سندھ حکومت کی شاہراہیں و ہوائی اڈے گروی رکھنے کی مخالفت

عمران خان نے پورا ملک گروی رکھ دیا جو ادارے بچے تھے ان کو بھی اب گروی رکھنے جارہا ہے، صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو


Staff Reporter June 24, 2021
عمران خان نے پورا ملک گروی رکھ دیا جو ادارے بچے تھے ان کو بھی اب گروی رکھنے جارہا ہے، صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو۔ فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے وفاق کی جانب سے قومی شاہراہیں اور ہوائی اڈے گروی رکھنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے پورا ملک گروی رکھ دیا جو ادارے بچے تھے ان کو بھی اب گروی رکھنے جارہا ہے۔

صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے مزید اپنے ردعمل میں کہا کہ نااہل حکومت نے ملک کو تباہ کرنے کی قسم کھائی ہے، سندھ حکومت قومی شاہراہیں اور ہوائی اڈے گروی رکھنے والے وفاقی فیصلے کی مخالفت کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام وفاق کو اسلام آباد ایکسپر یس وے، اسلام آباد پشاور موٹرو ے،پنڈی بھٹیاں، لاہور سیکشن اور ملتان انٹرنیشنل ائیرپورٹ گروی نہیں رکھنے دیں گے۔

اسماعیل راہو نے وفاق سے سوال کیا کہ اگر معیشت ترقی کر رہی ہے تو پھر قومی شاہراہیں اورہوائی اڈے کیوں گروی رکھے جارہے ہیں،اگر گندم کی رکارڈ پیداوار ہوئی ہے تو باہر سے کیوں منگوائی جارہی ہے، حکومت کا غلط بیانی اور جھوٹ بولنا روز کا معمول بن چکا ہے۔