پشاور زلمی کو شکست دیکر ملتان پی ایس ایل کا نیا سلطان بن گیا

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جون 2021
ملتان سلطان کی ٹیم فتح کے بعد جشن مناتے ہوئے (فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر)

ملتان سلطان کی ٹیم فتح کے بعد جشن مناتے ہوئے (فوٹو: پی ایس ایل ٹویٹر)

ابو ظہبی: ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 47 رنز سے شکست دے کر پی ایس ایل 6 کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ 

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے فائنل میں ملتان سلطانز نے صہیب مقصود اور ریلی روسوو کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 206 رنز بنائے جس کے جواب میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 9 وکٹ کے نقصان پر 159 رنز ہی بناسکی۔

صہیب مقصود کو شاندار اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ دیا گیا۔ شاہنواز دھانی کو ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پشاور زلمی کو اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر کا ایوارڈ محمد رضوان کو دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر کا ایوارڈ بھی شاہنواز دھانی کو دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کا بہترین بلے باز کا ایوارڈ صہیب مقصود کو دیا گیا جب کہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ بھی صہیب مقصود کو دیا گیا۔

ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور حضرت اللہ زازئی نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم بدقسمتی سے 42 رنز پر دونوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ کامران اکمل 36 اور زازئی 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ جوناتھن ویلز بھی 6 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔

58 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور رومن پاول نے جارحانہ کھیل پیش کرکے پشاور زلمی کو میچ میں واپس لے آئے تاہم پاول 14 گیندوں پر 23 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے جب کہ ملک بھی 28 گیندوں پر 48 رنز بنانے کے بعد ہمت ہار گئے۔

عمران طاہر نے ایک ہی اوور میں شیرفن ردرفورڈ ، وہاب ریاض اور محمد عمران کو پویلین بھیج کر پشاور زلمی کی رہی سہی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ عماد بٹ 7 رنز بناکر عمران خان کا شکار بنے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1408157419616620546

ملتان سلطانز کی جانب سے عمران طاہر 3، بلیسنگ مزارابانی 2، عمران خان اور سہیل تنویر ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ محمد رضوان اور شان مسعود نے ٹیم کو پراعتماد آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ 68 رنز پر گری جب شان مسعود 37 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی دوسری وکٹ کپتان محمد رضوان کی صورت میں گری جو 30 رنز بنانے کے بعد کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے تاہم رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد ریلی روسوو اور شعیب مقصود نے لاٹھی چارچ شروع کردیا۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1408115895495368706

مقصود نے 26 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی جب کہ روسوو نے صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری بنائی تاہم وہ اپنی اننگز کو آگے نہ بڑھاسکے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ مقصود 65 اور خوشدل شاہ 15 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1408113038289375235

پشاور زلمی کی جانب سے محمد عمران اور ثمین گل نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔