یونس خان اور حسن علی کے درمیان تلخ کلامی کا انکشاف

سلیم خالق  ہفتہ 26 جون 2021
بیٹنگ کوچ خاصے ناراض ہو گئے تھے۔

بیٹنگ کوچ خاصے ناراض ہو گئے تھے۔

 کراچی: دورہ جنوبی افریقہ میں یونس خان اور حسن علی کے درمیان بھی تلخ کلامی کا انکشاف سامنے آیا ہے جس پر بیٹنگ کوچ خاصے ناراض ہو گئے تھے۔

یونس خان نے چند روز قبل قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کی پوسٹ چھوڑ دی تھی، اس وقت تو فیصلے کی وجوہات سامنے نہ آئیں اب ہر روز نت نئے انکشافات ہورہے ہیں، دانتوں کے علاج کی وجہ سے تاخیر سے بائیو ببل جوائن کرنے کا مطالبہ بورڈ کی جانب سے نہ ماننے پر انھوں نے استعفیٰ دیا تھا، اب پتا چلا ہے کہ بعض قومی کرکٹرز سے بھی ان کے تعلقات مثالی نہیں رہے۔

اپریل میں سنچورین میں جنوبی افریقہ کے خلاف چوتھا ٹی 20 پاکستانی ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3وکٹ سے جیتا تھا،حسن علی نے میچ میں 40رنز دے کر 3 وکٹیں لیں اور پھر ایک گیند قبل وننگ شاٹ بھی کھیلا۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کو سہارا دینے گیا تھا مگر اسے نہیں چاہیے تھا،یونس خان

ذرائع نے بتایا کہ میچ کے بعد ڈریسنگ روم میں ٹرینر نے تمام کھلاڑیوں کو ’’آئس باتھ‘‘ کی ہدایت دی مگر حسن نے انکار کر دیا کہ ان کی باڈی ٹھیک ہے اور وہ ضرورت محسوس نہیں کرتے، اس وقت ہیڈ کوچ مصباح الحق واش روم میں موجود تھے، بولنگ کوچ وقار یونس الگ کمرے میں روزہ افطار کر رہے تھے۔

یونس نے معاملے میں دخل دیتے ہوئے اپنے دائرہ اختیار سے ہٹ کرحسن علی سے کہا کہ وہ ’’آئس باتھ‘‘لیں فائدہ ہوگا، پیسر نے انھیں بھی انکار کر دیا،اس پر دونوں کی تلخ کلامی ہو گئی، یونس کو حسن علی کی جانب سے جواب دینا پسند نہ آیا۔

معاملہ مزید سنگین رخ اختیار کرسکتا تھا مگر 2کھلاڑیوں اور وقار یونس کی مداخلت سے وقتی طور پر حل ہوگیااور یونس وہاں سے چلے گئے، بعد میں پیسر نے ان سے معافی مانگنے کی بھی پیشکش کر دی مگر سابق کپتان نے ان سے بات کرنے سے انکار کردیا،باقی ٹور میں وہ خاموش سے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈینٹل ٹریٹمنٹ نے بورڈ اور یونس کے تعلقات میں ڈینٹ ڈال دیا

ذرائع نے مزید بتایا کہ سب کچھ جانتے ہوئے بھی ٹیم منیجر منصور رانا نے حیران کن طور پر اس واقعے کا ذکر اپنی رپورٹ میں نہیں کیا، پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل ذاکر خان سے قربت کی وجہ سے عہدہ پانے والے سابق کرکٹرعموماً’’سب اچھا ہے‘‘ کی ہی رپورٹ دیتے ہیں تاکہ ان کی پوزیشن مضبوط رہے مگر اس سے حکام کو غلطیوں کی اصلاح کرنے کا موقع ہی نہیں مل پاتا۔

واقعے کے حوالے سے پی سی بی ترجمان نے تبصرے سے گریز کیا، یونس خان سے رابطے کی کوشش کامیاب نہ ہو سکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔