کولمبیا کے صدر ہیلی کاپٹر پر حملے میں بال بال بچ گئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 26 جون 2021
گولیاں ہیلی کاپٹر کے بلیڈ لگیں، فوٹو: فائل

گولیاں ہیلی کاپٹر کے بلیڈ لگیں، فوٹو: فائل

بوگوٹا: کولمبیا میں صدر ڈیوک اور وزیر دفاع کو لے جانے والے ہیلی کاپٹر کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا تاہم خوش قسمتی سے تمام افراد محفوظ رہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کولمبیا میں صدر، وزیر دفاع اور وزیر داخلہ سمیت اہم عہدیداروں کو کیٹاتمبو سے دارالحکومت لے جانے والے ہیلی کاپٹر کو پرواز بھرتے ہی نامعلوم افراد نے گولیوں سے نشانہ بنایا۔

ایوان صدر ڈیوک کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ گولیاں ہیلی کاپٹر کے مرکزی بلیڈ پر لگی۔خوش قسمتی سے فائرنگ کے واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔ ہیلی کاپٹر میں وزیر دفاع ڈیاگو مولانو ، وزیر داخلہ ڈینیئل پالسیوس ، اور نورٹے ڈی سنٹندر سلیوانو سرانو شامل تھے۔

صدر ڈیوک نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر کی حیران کن حفاظتی خصوصیات نے اس مہلک حملے سے محفوظ رکھا۔ یہ ایک بزدلانہ حملہ تھا۔ حملہ آوروں کو نہیں چھوڑا جائے گا۔

واضح رہے کہ کولمبیا میں صدر ڈیوک کی ہدایت پر منشیات فروشی، دہشت گردی اور منظم جرائم کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن جاری ہے جس کے دوران سیکیورٹی فورسز پر حملے بھی ہوئے ہیں اور صدر کے ہیلی کاپٹر پر حملے کو بھی منشیات فروشوں کی کارروائی کہا جا رہا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔