عثمان واہلہ جہاز پر سوار، دھانی منہ دیکھتے رہ گئے

عباس رضا  اتوار 27 جون 2021
سپر لیگ کے ٹاپ پیسر کو انگلینڈ بھیجنے کا پلان پس منظر میں چلا گیا۔ فوٹو: پی سی بی

سپر لیگ کے ٹاپ پیسر کو انگلینڈ بھیجنے کا پلان پس منظر میں چلا گیا۔ فوٹو: پی سی بی

لاہور: عثمان واہلہ جہاز پر سوار، شاہنواز دھانی منہ دیکھتے رہ گئے اور شعبہ کرکٹ آپریشنز پی ایس ایل کے سربراہ مستعفی بیٹنگ کوچ یونس خان کی جگہ چارٹرڈ طیارے میں سوار ہوگئے۔

انگلش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کے ساتھ طے پانے والے معاملات میں قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں اور معاون اسٹاف ارکان سمیت 37افراد کی بائیوببل میں میزبانی پر اتفاق کیا تھا،روانگی سے قبل بیٹنگ کوچ یونس خان مستعفی ہوگئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خالی نشست پر ٹیم مینجمنٹ پی ایس ایل 6 میں سب سے زیادہ وکٹیں اڑانے والے بولر شاہنواز دھانی کو بٹھاکر انگلینڈ لیجانے کی خواہاں تھی مگر پی سی بی کے شعبہ کرکٹ آپریشنز کے سربراہ عثمان واہلہ چارٹرڈ طیارے میں سوار ہوگئے اور بائیو ببل میں دیگر ارکان کے ساتھ موجود رہیں گے، قرنطینہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد انھیں انگلینڈ میں ہی چھٹیاں گزارنا ہیں، یوں ان کو تو ٹکٹ اور آئسولیشن کی رقم بچانے کا موقع مل گیا مگر شاہنواز دھانی کیریئر میں اہم سنگ میل سے دور رہ گئے۔

ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان پیسر کو انگلینڈ بھجوانے کی کوشش کی جارہی ہے، اگر لاجسٹک مسائل کی وجہ سے اسکواڈ کو جوائن نہ کرسکے تو ویسٹ انڈیز بھجوانے کا بندوبست کیا جائے گا۔

شاہنواز دھانی دورہ انگلینڈ کے بعد شیڈول کیریبیئنز کیخلاف سیریز کے ٹیسٹ اسکواڈ کا تو حصہ ہیں مگر اب انھیں 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کیلیے بھی بھجوائے جانے کا امکان ہے، انگلینڈ میں موجود وائٹ بال کرکٹرز کو وہاں سے ویسٹ انڈیز روانہ ہونا ہے، طویل فارمیٹ کے اسپیشلسٹ باقی کھلاڑی پاکستان سے اڑان بھریں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔