افغان سرحد سے دہشت گردوں کی فائرنگ، 2 جوان شہید، آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک  بدھ 30 جون 2021
پاک فوج کی جانب سے بھرپورجوابی کارروائی کی گئی، آئی ایس پی آر

پاک فوج کی جانب سے بھرپورجوابی کارروائی کی گئی، آئی ایس پی آر

 راولپنڈی: دواتئی چیک پوسٹ پر پاک افغان سرحد کے پار سے دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں دواتئی چیک پوسٹ پرافغان سرحد سے دہشتگردوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 43 سالہ حوالدارسلیم اور35 سالہ لانس نائیک پرویز شہید ہوگئے۔ پاک فوج کی جانب سے بھرپورجوابی کارروائی کی گئی جس سے افغان دہشتگروں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق پاکستان مستقل طور پر افغانستان سے مطالبہ کرتا رہا ہے کہ وہ اپنی طرف سے موثر بارڈر کنٹرول کو یقینی بنائے۔ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں کے لئے افغان سرزمین کے مستقل استعمال کی مذمت کرتے ہیں۔

دوسری جانب وزیرداخلہ شیخ رشید نے شمالی وزیرستان میں سرحد پارسے ملٹری پوسٹ پرفائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستانی علاقوں میں دہشت گردی کی واردات افسوس ناک ہے۔ سرحد پارسے دہشت گردی کی کارروائیوں کو ختم ہونا چاہیئے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ پاک افواج کی وطن کی سلامتی کی خاطر قربانیاں لازوال ہیں، پاکستان اپنے بارڈرز کو مزید محفوظ اورمضبوط بنائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔