کراچیفائرنگ و بم حملہ مذہبی رہنما سمیت مزید4جاں بحق

جامعہ کراچی سلورجوبلی گیٹ کے قریب کارپردستی بم سے حملہ،متحدہ قومی موومنٹ کے بلدیاتی امیدوار50سالہ وجاہت نقوی جاں بحق


Staff Reporter January 22, 2014
یونیورسٹی روڈ پر دستی بم حملے میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے سید وجاہت نقوی کی گاڑی تباہ حالت میں آغا خان اسپتال میں کھڑی ہے،فوٹو:محمد نعمان/ایکسپریس

کراچی میں فائرنگ اوردستی بم حملے میں متحدہ مومی موومنٹ کے بلدیاتی امیدوارسمیت 4 افرادجاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق مین یونیورسٹی روڈپرجامعہ کراچی سلورجوبلی گیٹ کے قریب یونیورسٹی سے نامعلوم ملزمان نے نیپاچورنگی جانے والی سڑک پر کار نمبر AUK-014 دستی بم پھینک دیاجس کے نتیجے میں کار میں سوار 5 افراد زخمی ہوگئے جنھیں اسپتال منتقل کردیاگیا جہاں ایک زخمی 50 سالہ سید وجاہت حسین نقوی جاں بحق ہوگئے جبکہ دیگر زخمیوں میں مقتول کابھائی علی نقوی،دوست عظیم،سرکاری محافظ پولیس اہلکاراﷲ وسایااورنجی محافظ فریدمٹھل شامل ہیں۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔مقتول وجاہت حسین متحدہ قومی موومنٹ کے نیو رضویہ سوسائٹی سے بلدیاتی انتخابات کے امیدوارتھے جبکہ وہ معروف شیعہ اسکالرعلامہ طالب جوہری کے سیکریٹری،ماتمی انجمن مخدوم قونین کے چیئرمین اورنجی بینک کے ایریامینجرتھے جبکہ کیٹرنگ سروس کے ساتھ ان کاسپرہائی وے پرجیری کیٹل فارم بھی ہے۔



اطلاع ملتے ہی متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماحیدرعباس رضوی ، واسیع جلیل اور کارکنوں کے علاوہ مقتول کے اہلخانہ،دوست احباب اور رشتے داربڑی تعدادمیں اسپتال پہنچ گئے۔ ترجمان مجلس وحدت المسلمین نے واقعے کی سخت مذمت کی ہے،مقتول علی حسین نقوی نیورضویہ سوسائٹی کے رہائشی اور 3 بچوں کے باپ تھے۔گلبہاروحیدآباد میں پرچون کی دکان پرفائرنگ سے 20 سالہ سیدقلب عباس جاں بحق ہوگیا۔مقتول وحید آباد رہائشی تھا۔مقتول کا بھائی علی عباس نجی ٹی وی چینل کا رپورٹرہے،واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ گلبہارلسبیلہ پل کے نیچے فائرنگ سے25سالہ عظیم بلوچ ہلاک ہوگیا،مقتول بے روزگاراورحاجی مریدگوٹھ کا رہائشی تھا۔لیاری کے علاقے کوئلہ گودام میں فینسی بیکری کے قریب فائرنگ سے22سالہ شخص ہلاک ہوگیاجس کی شناخت نہیں ہوسکی۔لیاری میراں ناکہ فائرنگ سے60سالہ دین محمدبلوچ، چاکیواڑہ فٹبال ہاؤس کے قریب25سالہ ریحان جبکہ سنگولین میں5سالہ مہوش زخمی ہوگئی۔رات گئے تک لیاری کے مختلف علاقوں میں صورتحال کشیدہ تھی۔