امریکا میں تجرباتی طور پر جانوروں کی کورونا ویکسینیشن کا آغاز

امریکا کی 27 ریاستوں کے 70 چڑیا گھروں کے لیے کورونا ویکسین کی 11 ہزار خوراکیں عطیہ کی گئی ہیں


ویب ڈیسک July 05, 2021
امریکا میں 70 چڑیا گھروں کے جانوروں کو کورونا ویکسین لگائی جائیں گی، فوٹو: فائل

امریکا کے ایک چڑیا گھر میں شیر، بھالو اور ریچھ سمیت کئی جانوروں کو آزمائشی طور پر کورونا کی ویکسین لگا دی گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست کیلی فورنیا کی کاؤنٹی آکلینڈ کے ایک چڑیا گھر میں جانوروں کی بیماریوں کی دوائیں بنانے والی امریکی کمپنی کے تعاون سے شیر، بھالو، چیتا، ریچھ، اور نیولے کو کورونا کی ویکسین لگائی گئی۔

چڑیا گھر کی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے مرحلے میں اُن جانوروں کو کورونا ویکسین لگائی گئی ہے جنہیں کورونا سے متاثر ہونے کا سب سے زیادہ خطرہ لاحق تھا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دوسرے مرحلے میں چمگادڑوں سمیت بندروں اور دیگر جانوروں کو کورونا ویکسین لگائی جائیں گی۔ امریکی کمپنی نے ایک معاہدے کے تحت امریکا کی 27 ریاستوں میں قائم 70 چڑیا گھر وں کے لیے 11 ہزار سے زائد کورونا ویکسین کی خوراکیں عطیہ کی ہیں۔

واضح رہے کہ کورونا وبا نے صرف انسانوں کو ہی متاثر نہیں کیا ہے بلکہ دنیا بھر کے کئی چڑیا گھروں کے جانوروں میں مہلک وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی تھی جب کہ 4 شیر سمیت کئی جانور مہلک وائرس سے ہلاک بھی ہوچکے ہیں ان جانوروں میں انسانوں سے وائرس منتقل ہوا تھا۔