ورلڈکپ کیسے جیتیں نسخہ پانے کیلیے ماہرین کا در کھٹکھٹایا جائے گا

1992 کے چیمپئن پلیئرزسے میانداد اور انتخاب عالم پر مشتمل خصوصی کمیٹی رابطے کرے گی


Sports Reporter January 23, 2014
عظیم کرکٹرز کی معلومات اور تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے،ذکااشرف۔ فوٹو: فائل

ورلڈ کپ کیسے جیتیں؟ پاکستان نے نسخہ پانے کیلیے ماہرین کا در کھٹکھٹانے کا فیصلہ کر لیا،1992 کے چیمپئن پلیئرز سے جاوید میانداد اور انتخاب عالم پر مشتمل خصوصی کمیٹی رابطے کرے گی۔

سابق عظیم کھلاڑیوں کے مشوروں سے 2015 کے میگا ایونٹ اور ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے لیے حکمت عملی بنائی جائے گی، مصباح الحق اور محمد حفیظ بھی مشاورت کا حصہ ہوںگے، پی سی بی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ ہم ایک بار پھر 1992 کی تاریخ دہرانا چاہتے ہیں، اپنے عظیم پلیئرز کی معلومات اور تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق 1992 ورلڈ کپ کی تاریخ2015 میں بھی دہرانے کے لیے پی سی بی نے کام کا آغاز کر دیا،اس حوالے سے گذشتہ روز چیئرمین ذکا اشرف کی زیرسربراہی قذافی اسٹیڈیم لاہور میں خصوصی اجلاس ہوا جس میں آئندہ برس شیڈول ورلڈ کپ سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر بعض ارکان نے تجویز دی کہ آئندہ برس ورلڈکپ میں عوامی توقعات کے عین مطابق نتائج کیلیے1992 کی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں سے مشاورت کی جائے، اس کی روشنی میں میگا ایونٹ کے لیے حکمت عملی مرتب کرنا مناسب رہے گا۔

 photo 1_zpsd7e282e3.jpg

ذکا اشرف سمیت دیگر ارکان نے اس سے اتفاق کیا جس کے بعد جاوید میانداد اور انتخاب عالم پر مشتمل2رکنی ورلڈ کپ کمیٹی بنا دی گئی، یہ دونوں1992 ورلڈ کپ کے اسکواڈ میں بالترتیب بطور نائب کپتان اور منیجر شامل اور اب پی سی بی میں اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں، فاتح قائد عمران خان نے تو جلد انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا، البتہ وسیم اکرم، انضمام الحق، عاقب جاوید، مشتاق احمداور اعجاز احمد سمیت کئی دوسرے کھلاڑی مزید کئی برسوں تک اپنے کھیل کے ذریعے ملک وقوم کا نام روشن کرتے رہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم میں شامل دیگرکھلاڑیوں سمیت ماضی کے عظیم پلیئرز سے بھی رابطہ کر کے میگا ایونٹ کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کریں ۔

کوئی بھی حکمت علی طے کرنے کے لیے کمیٹی ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے قائد مصباح الحق جبکہ ٹوئنٹی20کپتان محمد حفیظ سے بھی مشاورت کرے گی۔ اس حوالے سے ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ 1992 کی ٹیم میں شامل پلیئرزکی ملک وقوم کے لیے بڑی خدمات ہیں، یہ تمام اپنے وقت کے عظیم کھلاڑی تھے، ہم ان کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ کمیٹی بنانے کا مقصد سابق کھلاڑیوں سے ملنے والی تجاویز اور ان کی آرا کی روشنی میں ورلڈ کپ2015 کی حکمت عملی تیار کرنا ہے تاکہ 1992 کی طرح پاکستان کو ایک بار پھر عالمی چیمپئن بنایا جا سکے۔ کمیٹی کے رکن جاوید میانداد نے کہا کہ سابق کھلاڑیوں سے مشاورت کے ساتھ 1992 کے ورلڈ کپ میں کامیابی کی وجہ بننے والے عوامل کا بھی جائزہ لیں گے،انھوں نے کہا کہ ورلڈ کپ سے 13ماہ قبل کمیٹی کی تشکیل سے فائدہ ہوگا۔