لَبَّيْكَ اللَّھُمَّ لَبَّيْكَ کی صدائیں مناسک حج کا آغاز

اس سال منی میں حجاج کے لیے چھ ٹاورز اور 71 کیمپ یونٹس مخصوص کیے گئے ہیں، سعودی انتظامیہ


ویب ڈیسک July 18, 2021
ٹاورز میں 5 ہزار اور خیموں میں 55 ہزار حجاج قیام کریں گے۔ فوٹو:اے ایف پی

60 ہزار عازمین نے مناسک حج کا آغاز کردیا اور منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارکے مطابق سعودی عرب کے شہریوں اور وہاں مقیم غیرملکی افراد پر مشتمل 60 ہزار عازمین نے مناسک حج کا آغاز کردیا ہے، اور عازمین احتیاطی تدابیر کے ساتھ طواف قدوم ادا کرنے کے بعد قافلوں کی صورت منیٰ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔

Hajj minnah2 2021

عازمین حج آج 8 ذی الحج کو منی میں یوم الترویہ گزاریں گے اور ظہر،عصر، مغرب، عشا اور پیر کی نماز فجر منیٰ میں ہی ادا کریں گے، جس کے بعد عازمین کے قافلے نو ذی الحجہ کو میدان عرفات پہنچیں گے اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔

HAjj2 2021

سعودی انتظامیہ کے مطابق منیٰ میں ہر سال خیموں کا شہر آباد ہوتا ہے، تاہم امسال محدود حج کے باعث منیٰ کا ایک حصہ آباد ہوگا، اور اس سال منی میں حجاج کے لیے چھ ٹاورز اور 71 کیمپ یونٹس مخصوص کیے گئے ہیں، ٹاورز میں 5 ہزار اور خیموں میں 55 ہزار حجاج قیام کریں گے، جب کہ میدان عرفات میں بھی 60 ہزار حجاج کو ٹھہرانے کے لیے خیمے نصب کردیے گئے ہیں۔

Hajj minnah 2021

گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی کورونا وبا کے باعث سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ مناسک حج کے دوان رش اور ہجوم سے بچنے کے لیے عازمین حج کو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور مرحلہ وار اپنی باری آنے پر ہر گروپ مناسک حج ادا کرسکے گا۔

HAjj 2021

واضح رہے کہ اس سال صرف سعودی شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکی افراد کو حج کی اجازت دی گئی ہے۔ کُل 60 ہزار افراد حج کا فریضہ ادا کر رہے ہیں جس کے لیے ویکسینیشن اولین شرط ہے۔