امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایران کی نیوی، ایئر فورس، لیڈرشپ اور اینٹی ایئر کرافٹ اسلحے کو تباہ کر دیا ہے۔
ریاست مشی گن میں جنرل موٹرز کی ٹیسٹ سائٹ پر خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ امریکا نے ایران کے ڈرون اور میزائل بنانے کی صلاحیت کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کے ڈرونز اب تقریباً سات فی صد کی شرح سے بن رہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت ایران ڈیل کرنے کے لیے امریکا سے بات کر رہا ہے لیکن اگر امریکا سخت مؤقف اختیار نہیں کرتا تو کوئی بات چیت نہیں ہو رہی ہوتی۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران 47 سے 50 برس سے مشرقِ وسطیٰ میں زور آزمائی کرتا آ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سابق صدر اوباما کا خیال تھا کہ ایران کو رشوت دی جا سکتی ہے لیکن آپ ان کو رشوت نہیں دے سکتے، آپ ان کو مار سکتے ہیں اور امریکا ان کو شدت کے ساتھ مار رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دیکھتے کیا ہوتا ہے۔ اس وقت بہت دوستانہ ماحول میں بات چیت جاری ہے۔