بھارت میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ میں 20 افراد ہلاک

6 افراد تاحال مکان کے ملبے تلے دبے ہیں اور 5 کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے


ویب ڈیسک July 18, 2021
دو مکانات زمین بوس ہونے سے 30 سے زائد افراد ملبے تلے دب گئے، فوٹو: فائل

بھارت میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جب کہ 6 افراد لاپتہ ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں مسلسل ہونے والی بارش نے تباہی مچادی، مضافاتی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے دو گھر زمین بوس ہوگئے جس میں 30 سے زائد افراد دب گئے۔

ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کا آغاز کرتے ہوئے ملبے سے 20 لاشیں نکالی ہیں جب کہ 5 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ اب بھی 6 سے زائد افراد ملبے تلے دبے ہیں۔

ریسکیو ٹیم کے انچارج کا کہنا ہے کہ خراب موسم کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے باعث ملبے تلے دبے افراد کے زندہ بچنے کی امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔

شہر کے مختلف مقامات پر شدید بارشوں کے باعث پانی جمع ہوگیا۔ بسوں اور لوکل ٹرین سروس معطل ہوگئیں جب کہ بجلی کا نظام درہم برہم ہونے سے شہر کا بڑا حصہ تاریکی میں ڈوب گیا۔

محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید دو دن تک جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ میونسپل اداروں اور اسپتال میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔