بدبخت بیٹوں کے ہاتھوں گھر سے نکالے جانیوالی بوڑھی بیمار ماں چل بسی

پولیس نے والدین ایکٹ کے تحت خاتون کے چھوٹے بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے


ویب ڈیسک July 18, 2021
پولیس نے والدین ایکٹ کے تحت خاتون کے چھوٹے بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے (فائل فوٹو)

پہاڑی پورہ میں بدبخت بیٹوں کے ہاتھوں گھر سے نکالے جانیوالی بوڑھی بیمار ماں انتقال کرگئیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چھوٹے بیٹے نے عمر رسیدہ ماں کو زندگی کی آخری سانسوں کے دوران گھر سے بے دخل کر کے گلی میں کھلے آسمان تلے چھوڑ دیا تاہم تین روز بعد چلنے پھرنے سے قاصر بوڑھی ماں کی موت واقع ہو گئی۔

خاتون کا چھوٹا بیٹا ماں کو بڑے بھائی کے گھر کے باہر گلی میں چھوڑ کر چلا گیا، کئی گھنٹے خاتون جوان بیٹوں کے ہوتے ہوئے بے یارو مددگار گلی میں پڑی رہی۔

صوبائی وزیر سماجی بہبود ہشام انعام اللہ خان کا کہنا ہے کہ عمر رسیدہ خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، ریسکیو ٹیموں نے خاتون کو طبی امداد فراہم کر کے انہیں بڑے بیٹے کے گھر منتقل کیا تھا، صوبائی حکومت نے واقعے کا سخت نوٹس لیا۔ خاتون کے سر پر زخم اور بیماری کی حالت میں گھر سے بے دخلی کی انکوائری رپورٹ محکمہ داخلہ ،پولیس اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ ایک ہفتے میں مکمل کرے گا۔

دوسری جانب پولیس نے والدین ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے چھوٹے بیٹے شکیل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا ہے۔