نائیجیریا کے فوجی طیارے کو ’ڈاکوؤں‘ نے مارگرایا

ویب ڈیسک  منگل 20 جولائی 2021
نایئجیریا میں اغواکاروں کے ٹھکانوں پر حملے کرنے والے جنگی جہاز کو ’ڈاکوؤں‘ نے مار گرایا ہے جبکہ پائلٹ کو ایجیکشن سیٹ سے باہر نکل کر جان بچانا پڑی ہے۔ فوٹو: فائل

نایئجیریا میں اغواکاروں کے ٹھکانوں پر حملے کرنے والے جنگی جہاز کو ’ڈاکوؤں‘ نے مار گرایا ہے جبکہ پائلٹ کو ایجیکشن سیٹ سے باہر نکل کر جان بچانا پڑی ہے۔ فوٹو: فائل

ابوجا: نائیجیریا کے شمالی علاقے میں اغواکاروں کے خلاف کارروائی میں مشغول جنگی طیارے کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا جبکہ پائلٹ نے بمشکل اپنی جان بچائی۔

یہ واقعہ صوبہ زمفرا اور کاڈونا کی سرحد پر پیش آیا ہے۔ ایئرفورس کے مطابق ایک ایلفا جیٹ طیارہ اغوا کاروں اور ڈاکوؤں کے خلاف کامیابی فضائی کارروائی کرکے لوٹ رہا تھا کہ اس پر شدید فائرنگ کی گئی۔ جنگی جہاز کے پائلٹ ابایومی ڈائرو نے خطرے کو بھانپتے ہوئے خود کو طیارے سے باہر اچھالا اور زمین پر اترنے کے بعد ایک گھر میں پناہ لی ہے۔

مبینہ طور پر اس کا ذمے دار علاقے میں موجود مسلح جرائم پیشہ گروہوں کو ٹھہرایا گیا ہے جسے مقامی لوگ ’ڈاکو‘ کے نام سے پکارتے ہیں۔ یہ گروہ بڑی تعداد میں لوگوں کو اغوا کرتا ہے۔

گزشتہ برس دسمبر سے اب تک اس علاقے سے ایک ہزار سے زائد افراد اغوا ہوچکے ہیں جن میں اکثریت بچوں کی ہے۔ اگرچہ ان میں سے کئی بچوں کو بازیاب کرالیا گیا ہے لیکن ان سب کو تاوان دے کر چھڑالیا گیا ہے۔ اس کے بعد حکومت نے ان ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے ملکی فضائیہ کو خصوصی احکامات دیئے ہیں جس کے بعد ان کے ٹھکانوں پر بمباری جاری ہے۔

اس کے بعد فضائیہ کے کسی جنگی جہاز کو تباہ کرنے کا یہ پہلا واقعہ بھی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔