راج کندرا کی پول کھولنے کے بعد بھارتی ماڈل کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

ویب ڈیسک  جمعـء 23 جولائی 2021
راج کندرا کے خلاف فحش فلمیں بنانے کا کیس رواں سال فروری میں درج کیا گیا تھا فوٹوفائل

راج کندرا کے خلاف فحش فلمیں بنانے کا کیس رواں سال فروری میں درج کیا گیا تھا فوٹوفائل

ممبئی: بھارتی ماڈل و اداکارہ ساگریکا شونا ثمن نے الزام لگایا ہے کہ بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے شوہر بزنس مین راج کندرا کیس میں بیان دینے  کے بعد انہیں ریپ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

راج کندرا کو 19 جولائی کی رات غیر اخلاقی فلمیں بنانے کے اسکینڈل میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے نہ صرف فحش فلمیں بنائیں بلکہ انہیں مختلف موبائل ایپس پر نشر بھی کیا۔ راج کندرا کی گرفتاری کے بعد بہت سی ماڈلز اور اداکاراؤں نے سامنے آکر راج کندرا کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بیان کیا ہے۔

ان ہی خواتین میں سے ایک اداکارہ و ماڈل ساگریکا شونا ثمن بھی شامل ہیں۔ جنہوں نے اس سے قبل راج کندرا کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے ان پر الزام لگایا تھا کہ راج نے ان سے عریاں آڈیشن دینے کا مطالبہ کیا تھا اور اب ساگریکا نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں واٹس ایپ اور میسنجر پر انتہائی نازیبا اور دھمکی آمیز فون کالز موصول ہورہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شوہرکی گرفتاری کے بعد شلپا شیٹھی کا پہلا ردعمل

بھارتی میڈیا کے مطابق ماڈل ساگریکا نے بتایا کہ وہ مختلف آن لائن  پلیٹ فارمز پر دھمکی آمیز فون کالز موصول ہونے کی وجہ سے پریشان ہوگئی ہیں۔ فون کرنے والے ان کا ریپ کرنے اور انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ لوگ انہیں مختلف نمبرز سے فون کررہے ہیں اور پوچھ رہے ہیں کہ راج کندرا نے کیا غلط کیا ہے۔

فون پر دھمکیاں دینے والے لوگ یہاں تک کہہ رہے ہیں کہ تم لوگ فحش فلمیں دیکھتے ہو اسلیے ہم ایسی فلمیں بناتے ہیں۔ ماڈل ساگریکا کا کہنا ہے کہ ان کی جان کو خطرہ ہے اس کے علاوہ انہوں نے فون پر دھمکیاں دینے والے لوگوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروانے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  فحش فلمیں بنانے کے الزام میں شلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا گرفتار

واضح رہے کہ ماڈل ساگریکا شونا ثمن ابتدا ہی سے راج کندرا کیس میں کافی فعال رہی ہیں اور انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ راج کندرا کے سابق پی اے (پرسنل اسسٹنٹ) اومیش کمات نے ان سے ایک ویب شو میں کام کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا۔ اس نے کہا تھا کہ مجھے ویب شو کے لیے آن لائن آڈیشن دینا پڑے گا۔ میں آڈیشن دینے کے لیے راضی ہوگئی تھی کیونکہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے تمام آڈیشنز آن لائن ہی ہورہے تھے۔ بہرحال جب آڈیشن شروع ہوا تو اس نے مجھ سے لباس اتارنے کے لیے کہا جس پر میں نے آڈیشن کو مزید آگے بڑھانے سے منع کردیا۔

یہ بھی پڑھیں:  پولیس نے راج کندرا کے گھر سے 70 فحش فلمیں برآمد کرلیں

واضح رہے کہ ممبئی پولیس کے کرائم برانچ میں راج کندرا کے خلاف فحش فلمیں بنانے اور پھر انہیں موبائل ایپس پر اپ لوڈ کرنے کا کیس رواں سال فروری میں درج کیا گیا تھا۔ ممبئی پولیس کے کمشنر نے ایک بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرائم برانچ میں فروری میں فحش فلمیں بنانے اور انہیں اپیس پر اپ لوڈ کرنے کا کیس درج ہوا تھا۔ ہم نے راج کندرا کو اس کیس میں 19 جولائی کو گرفتار کرلیا ہے اور ہمارے پاس کافی ثبوت موجود ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔