برطانیہ نے نواز شریف کی ویزا میں توسیع کیلیے درخواست مسترد کردی

ویب ڈیسک  جمعرات 5 اگست 2021
برطانیہ کا قانون بالکل صاف اور واضح ہے، برطانوی ہائی کمیشن (فائل : فوٹو)

برطانیہ کا قانون بالکل صاف اور واضح ہے، برطانوی ہائی کمیشن (فائل : فوٹو)

 لندن: برطانوی حکومت نے نواز شریف کی ویزا توسیع کی درخواست مسترد کردی ہے۔ 

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے چھ ماہ قیام کی مدت ختم ہونے پر برطانوی حکومت کو میڈیکل گراونڈز پر ویزے میں توسیع کی درخواست دی تھی تاہم برطانوی امیگریشن حکام نے اسے مسترد کردیا ہے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کے ویزے میں مزید توسیع سے برطانوی محکمہ داخلہ نے معذرت کی ہے، برطانوی محکمہ داخلہ کے فیصلے میں لکھا ہے کہ نواز شریف اس فیصلے کے خلاف امیگریشن ٹریبونل میں اپیل کرسکتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کے وکلا نے برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں اپیل دائر کردی ہے، برطانوی امیگریشن ٹریبونل میں دائر اپیل پر فیصلہ ہونے تک محکمہ داخلہ کا حکم غیر مؤثر رہے گا، اپیل پر فیصلہ ہونے تک نواز شریف برطانیہ میں قانونی طور پر مقیم رہ سکتے ہیں۔

امیگریشن کے انفرادی کیس پر تبصرہ نہیں کرسکتے، برطانوی ہائی کمیشن

برطانوی ہائی کمیشن نے نواز شریف کی ویزا درخواست مسترد ہونے پر کہا ہے کہ انفرادی امیگریشن کے معاملات پر تبصرہ نہیں کر سکتے، برطانیہ کا قانون بالکل صاف اور واضح ہے، حکومت امیگریشن کے معاملات میں کیا کرسکتی ہے اور کیا نہیں کرسکتی، ہم تمام معاملات میں قواعد کے مطابق سختی سے عمل پیرا ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔