پریذیڈنٹ ٹرافی سوئی گیس کی فائنل میں رسائی واپڈا کو مات

فائنل میں جگہ یقینی بنانے والی یوبی ایل نے پورٹ قاسم کو 169رنز سے آئوٹ کلاس کردیا۔


Sports Reporter January 26, 2014
پی ٹی وی کیخلاف زرعی ترقیاتی بینک کے شرجیل خان ٹرپل سنچری کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئے، فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کرکٹ ٹورنامنٹ میں سوئی گیس نے واپڈا کو 89رنز سے ہرا کر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنالی۔

نیشنل بینک کی ٹیم حبیب بینک کیخلاف112رنز سے فتح کے باوجود ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئی،گذشتہ رائونڈ کے اختتام پر ہی فائنل میں جگہ یقینی بنانے والی یوبی ایل نے پورٹ قاسم کو 169رنز سے آئوٹ کلاس کردیا، آف اسپنر عاطف مقبول نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے میچ میں11کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، پی ٹی وی کیخلاف زرعی ترقیاتی بینک کے شرجیل خان ٹرپل سنچری کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئے، لیفٹ ہینڈرنے 279 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیلی۔ تفصیلات کے مطابق اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سوئی گیس نے واپڈا کو شکست دے کر فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا، فاتح ٹیم کے کپتان نے ہر صورت کامیابی کا عزم لیے گذشتہ روز کے اسکور222/1 پر ہی دوسری اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، اس طرح واپڈا کو جیت کیلیے قابل حصول 272 رنز کا ہدف ملا مگر تمام بیٹسمین 182 پر میدان بدر ہوگئے، پہلی اننگز میں 4 وکٹیں لینے والے عمران خالد نے دوسری کوشش میں 5 بیٹسمینوں کا شکار کیا، خرم شہزاد اور یاسر شاہ نے 2، 2 وکٹوں کے ساتھ بھرپور ساتھ دیا۔

قبل ازیں سوئی گیس کی ٹیم پہلی اننگز میں مصباح الحق کی سنچری کے باوجود 186 رنز ہی بناسکی تھی، مگر بولرز نے حریف سائیڈ کو بھی 137 پر ڈھیر کرتے ہوئے ٹیم کو 49 رنز کی برتری دلائی۔ ڈائمنڈ کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میںنیشنل بینک کو ایچ بی ایل کو 112 رنز سے شکست دینے کے باوجود فائنل کی دوڑ سے باہر ہونا پڑا، قومی بینک کی ٹیم واپڈا کیخلاف سوئی گیس کی ناکامی کی صورت میں ٹائٹل کی جانب پیش قدمی جاری رکھ سکتی تھی مگر ایسا نہ ہوسکا، این بی پی کے کپتان کامران اکمل نے ٹیم کو فرنٹ سے لیڈ کرتے ہوئے میچ میں 162 رنز بنانے کے بعد وکٹوں کے پیچھے 7 شکار بھی کیے۔ ہفتے کو کھیل کے آخری روز 328 رنز کے حصول کی حسرت لیے میدان میں اترنے والی حبیب بینک کی ہمت 216 رنز پر ہی جواب دے گئی، احمد جمال نے 5 کھلاڑیوںکو میدان بدر کیا۔

 photo 9_zpsb8dc5637.jpg

قبل ازیں نیشنل بینک نے 7 وکٹ پر 325 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی، حبیب بینک کی ٹیم 178 پر آئوٹ ہوکر 147کے خسارے میں چلی گئی، فاتح سائیڈ نے دوسری اننگز میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے3 وکٹ پر 181 رنز بنانے کے بعد حریف سائیڈ کو کھیلنے کا موقع فراہم کیا تھا۔سائوتھ اینڈ اسٹیڈیم کراچی میں یوبی ایل کیخلاف پورٹ قاسم کی ٹیم 290 رنز کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے120 پر ڈھیر ہوگئی، پہلی اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے والے آف اسپنر عاطف مقبول نے دوسری کاوش میں5 بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا،پرنس عباس نے 3 اور رومان رئیس نے 2 وکٹیں لیں، عاصم کمال آخری دم تک لڑتے رہے، مگر ان کا کسی نے ساتھ نہ دیا وہ 51 رنز پر ناٹ آئوٹ پویلین لوٹے۔

یوبی ایل نے میچ کی پہلی اننگز میں 232 رنز بنائے تھے، پورٹ قاسم نے 330رنز اسکور کرتے ہوئے 98 کی سبقت حاصل کی، یونائیٹڈ بینک نے دوسری کاوش میں387رنز اسکور کرتے ہوئے حریف کو290 کا ہدف دیا تھا۔نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں زرعی ترقیاتی بینک کے شرجیل خان ٹرپل سنچری کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئے، پی ٹی وی کیخلاف ڈرا میچ میں انھوں نے 279 رنز کی اننگز سجائی، اوپنر گذشتہ روز 237 پر ناٹ آئوٹ تھے۔ پی ٹی وی کے 212 کے جواب میں زیڈ ٹی بی ایل نے462 رنز بنا کر 250 رنز کی سبقت کے ساتھ فتح کی امیدیں باندھیں، سرکاری ٹی وی کے بیٹسمینوں نے پہلی اننگز کی بانسبت دوسری میں بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے میچ کے اختتام تک 5 وکٹ پر 290 رنز بنا لیے، محمد سمیع 104رنز کے ساتھ ڈٹے رہے، زوہیب احمد نے 81 رنز بنائے۔