پورنو گرافی کیس؛ اداکارہ شلپا شیٹھی کو بڑا دھچکا

ویب ڈیسک  جمعـء 6 اگست 2021
شلپا شیٹھی ، کوریوگرافر گیتا کپور اور انوراگ باسو  کے ساتھ شو کے باقاعدہ ججوں میں سے ایک ہیں، فوٹوفائل

شلپا شیٹھی ، کوریوگرافر گیتا کپور اور انوراگ باسو کے ساتھ شو کے باقاعدہ ججوں میں سے ایک ہیں، فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی جن کے شوہر راج کندرا فحش فلمیں بنانے کے الزام میں پولیس کی حراست میں ہیں کو حال ہی میں بڑا دھچکا لگا ہے۔

شلپا شیٹھی بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ  بھارتی ٹی وی کے رئیلیٹی شو ’’سپر ڈانسر چیپٹر4‘‘ کی جج بھی ہیں۔ تاہم جب سے ان کے شوہر کے کارنامے میڈیا پر آئے ہیں شلپا شیٹھی کو بھی اس کا خمیازہ بھگتنا پڑرہا ہے۔ فحش فلموں کا اسکینڈل سامنے آنے کے بعد شلپا شیٹھی کو بدنامی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بہت سے بالی ووڈ اسٹارز اور قریبی دوستوں نے ان سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں مالی نقصان بھی برداشت کرنا پڑرہا ہے۔

پورن فلموں کے اسکینڈل کی وجہ سے  شلپا شیٹھی کو حال ہی میں ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق رئیلیٹی شو’’سپر ڈانسر چیپٹر4‘‘ میں اس ہفتے شلپا شیٹھی کی جگہ اداکارہ سونالی باندرے اور ماضی کی معروف اداکارہ موشمی چیٹرجی بطور مہمان جج شرکت کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: شلپا شیٹھی کو کروڑوں کا نقصان

میڈیا رپورٹس کے مطابق شلپا شیٹھی، کوریوگرافر گیتا کپور اور انوراگ باسو کے ساتھ شو کے باقاعدہ ججوں میں سے ایک ہیں جو ہر ہفتے شو میں  شرکت کرتی ہیں۔ تاہم شلپا شیٹھی کی غیر موجودگی کے باعث اب شو انتظامیہ بالی ووڈ کے دیگر فنکاروں کو شو میں مدعو کررہے ہیں۔ گزشتہ ہفتے شلپا شیٹھی کی جگہ جینیلیا ڈی سوزا اور رتیش دیش مکھ شو میں بطور مہمان جج شریک ہوئے تھے۔ اور ان دونوں سے قبل اداکارہ کرشمہ کپور نے شو میں شلپا شیٹھی کی کمی پوری کی تھی۔

یادرہے کہ جب سے ممبئی پولیس نے شلپا شیٹھی کے شوہر کو فحش فلمیں بنانے کے الزام میں گرفتار کیا ہے تب سے شلپا شیٹھی رئیلیٹی شو کی شوٹنگ نہیں کررہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اسٹارز اور قریبی دوست شلپا شیٹھی سے راہیں جدا کرنے لگے

واضح رہے کہ شلپا شیٹھی اس شو کی سب سے مہنگی جج ہیں جو ایک قسط کا معاوضہ 22 لاکھ تک لیتی ہیں۔ صرف یہی نہیں بلکہ یہ افواہیں بھی گردش میں ہیں کہ اداکارہ کو شو سے نکالنے کا فیصلہ کیا جاچکاہے تاہم ابھی تک چینل انتظامیہ نے اس معاملہ پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔