طالبان نے تین دنوں میں 3 اہم صوبائی دارالحکومتوں کا کنٹرول حاصل کرلیا

ویب ڈیسک  اتوار 8 اگست 2021
گزشتہ دو روز میں طالبان صوبے نمروز کے دارلحکومت زرنج اور جوزجان کے دارالحکومت شبرغان کا کنٹرول بھی حاصل کرچکے ہیں.(فوٹو:فائل)

گزشتہ دو روز میں طالبان صوبے نمروز کے دارلحکومت زرنج اور جوزجان کے دارالحکومت شبرغان کا کنٹرول بھی حاصل کرچکے ہیں.(فوٹو:فائل)

قندوز: طالبان نے مسلسل تیسرے دن لڑائی کے بعد افغان صوبے قندوز کے دارالحکومت پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے جس کے بعد تین روز میں طالبان کے زیر کنٹرول آنے والے اہم صوبائی دارالحکومتوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔

طالبان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق انہوں نے قندوز میں پولیس ہیڈکوارٹر، گورنر کے کمپائونڈ اور شہر کی جیل پر قبضہ کرلیا ہے۔ الجزیرہ کے مطابق مقامی ذرائع اور قندوز میں موجود صحافیوں نے بھی اس ات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارلخلافہ میں طالبان جنگجو دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: طالبان نے 24 گھنٹے میں 2 صوبائی دارالحکومتوں کا کنٹرول حاصل کرلیا

قندوزکے رکن اسمبلی امرالدین ولی نے الجزیرہ کو بتایا کہ گزشتہ روز دوپہرسے شروع ہونے والے بھرپور تصادم کے بعد تمام حکومتی ہیڈ کوارٹرزطالبان کے قبضے میں ہیں، تاہم فوجی اڈہ اور ایئر پورٹ کا کنٹرول ابھی تک افغان سیکیورٹی فورسز کے پاس ہے اور وہ اسے بچانے کے لیے مزاحمت کر رہے ہیں۔

قندوزمیں موجود ہیلتھ آفیشلز کے مطابق اب تک خواتین اور بچوں سمیت 14 لاشوں اور 30 زخمیوں کو اسپتال لایاگیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دو روز میں طالبان گھمسان کی جنگ کے بعد افغانستان کے صوبے نمروز کے دارلحکومت زرنج اور جوزجان کے دارالحکومت شبرغان کا کنٹرول حاصل کرچکے ہیں۔ طالبان نے پانچ برس قبل 2016 میں بھی افغان صوبے قندوز کے دارالحکومت کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا لیکن جلد ہی اتحادی افواج نے قبضہ واگزار کرالیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔