کراچی میں ڈکیت ناکے لگا کر شہریوں کو لوٹنے لگے

فوٹیج منظر عام پر آنے کے باوجود پولیس ملزمان کو اب تک گرفتار کرنےمیں ناکام


Staff Reporter August 12, 2021
فوٹیج منظر عام پر آنے کے باوجود پولیس ملزمان کو اب تک گرفتار کرنےمیں ناکام

شہر قائد میں ڈکیت ناکے لگا کر شہریوں کو لوٹنے لگے جب کہ پولیس واردات روکنے میں مکمل ناکام ہے۔

شہر قائد میں ملزمان کے دل سے پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا خوف اس حد تک ختم ہوگیا کہ وہ ناکہ لگا کر بھی لوٹ مار کرنے لگے، سائٹ ایریا میں کی جانے والی ایسی ہی ایک واردات کی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں باآسانی دیکھا جاسکتا ہے کہ 3 ملزمان نے باقاعدہ طور پر ناکہ لگایا اور سڑک سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار، پیدل اور سوزو کی ڈرائیور سمیت مجموعی طور پر 5 افراد کو لوٹا اور اطمینان کے ساتھ فرار ہوگئے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جس سڑک پر یہ واردات رونما ہوئی وہاں کئی فیکٹریاں قائم ہیں اور ہر وقت فیکٹری ملازمین کی آمدورفت کا سلسلہ جاری رہتا ہے، فوٹیج میں نظر آرہا ہے کہ سڑک نام کی کوئی چیز وہاں نہیں اور مکمل طور پر گڑھے پڑے ہوئے ہیں جس کے باعث موٹر سائیکل سوار اور سوزوکی والے انتہائی دھیمی رفتار سے چل رہے ہیں اور ایک ملزم ہاتھ میں پستول لیے سڑک پر کھڑا ہوکر انھیں روکتا رہتا ہے جب کہ اس کا ایک ساتھی موٹر سائیکل بیچ سڑک میں کھڑی کرکے موٹر سائیکل پر ہی بیٹھا رہتا ہے، ملزمان اب تک قانون کی گرفت سے آزاد ہیں۔