وزیراعظم کا مینار پاکستان پر یوٹیوبر لڑکی کو جنسی ہراساں کرنے کا نوٹس

ویب ڈیسک  بدھ 18 اگست 2021
حکومت ان واقعات میں ملوث کسی ایک فرد کو بھی نہیں چھوڑے گی، زلفی بخاری

حکومت ان واقعات میں ملوث کسی ایک فرد کو بھی نہیں چھوڑے گی، زلفی بخاری

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان میں یوٹیوبر لڑکی پر ہجوم کے حملے اور ہراسانی کے افسوس ناک واقعے پر آئی جی پنجاب انعام غنی سے رابطہ کرلیا۔

پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور میں پیش آئے واقعے پر وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب سے رابطہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم عمران خان کو واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ پولیس خاتون یوٹیوبر پر حملے اور قلعہ لاہور میں رنجیت سنگھ کے مجسمے کو نقصان پہنچانے والے مجرموں کو پکڑ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خاتون یوٹیوبر سے بدتمیزی کرنے والے ہجوم کے خلاف مقدمہ درج

زلفی بخاری نے مزید کہا کہ  یہ واقعات قانون اور سماجی اصولوں کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں، حکومت ان واقعات میں ملوث کسی ایک فرد کو بھی نہیں چھوڑے گی۔

وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے گریٹر اقبال پارک واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کیخلاف ایف آئی آردرج ہوگئی، پنجاب حکومت معاملے پر سخت کارروائی یقینی بنائے گی۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی کہا کہ سینکڑوں لوگوں کی جانب سے ایک نوجوان خاتون اور اس کے ساتھیوں کو ہراساں کیے جانے پر بہت پریشان ہوں،  اس سے زیادہ تشویشناک بات یہ ہے کہ ہمارا معاشرہ کس سمت جارہا ہے، حالیہ خواتین مخالف واقعات اس بات کی یاد دہانی کراتے ہیں کہ بدحالی گہری ہے۔  بہت شرمناک!۔

وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا کہ بہت جلد گریٹر اقبال پارک مینار پاکستان کے واقعہ میں ملوث ملزمان کو پولیس گرفتار کر کے سخت ترین کارروائی کرے گی، پولیس وڈیوز کی مدد سے ملزمان کی شناخت کر رہی ہے، یہ وہ رویے ہیں جن پر پورے معاشرے نے مل کر کام کرنا ہے، سیاستدانوں ، میڈیا صحافیوں ، اساتذہ اور والدین سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔