مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں 2 نوجوان شہید

ویب ڈیسک  جمعـء 20 اگست 2021
بھارتی فوج نے ضلع پلواما میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس۔ فوٹو : فائل

بھارتی فوج نے ضلع پلواما میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نوجوانوں کو شہید کیا، کشمیر میڈیا سروس۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: قابض بھارتی فوج کی جارحیت میں مزید 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے جب کہ 3 اضلاع کا محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی کا عمل اب بھی جاری ہے۔ 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی جس کے دوران خواتین کو ہراساں کیا گیا اور بزرگوں سے بدتمیزی کی گئی۔

اسی دوران  قابض بھارتی فوج نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 کشمیری نوجوانوں کو گولیاں مار کر شہید کردیا۔ شہید ہونے والے نوجوانوں کی شناخت خالد اور معصب کے نام سے ہوئی ہے۔

قابض بھارتی فوج نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے نوجوانوں کی لاشوں کو لواحقین کے حوالے کرنے سے انکار کردیا جس پر علاقہ مکینوں اور اہل محلہ نے شدید احتجاج کیا اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔

مقبوضہ کشمیر کی بھارت نواز کٹھ پتلی انتظامیہ نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا اور نوجوانوں کو عسکریت پسند ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوان سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ضلع راجوری میں سرچ آپریشن کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے  بھارتی فوج کے آفیسر ہلاک ہوگئے تھے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔