آئی سی سی نے نجم سیٹھی کے الزامات مسترد کردیے

سابق پی سی بی آفیشل کا 9جنوری کی میٹنگ پرتبصرہ غلط بیانی پرمبنی تھا، ترجمان


Sports Reporter January 29, 2014
سابق پی سی بی آفیشل کا دبئی میں 9جنوری کو ہونے والے فل ممبرز اجلاس کے بارے میں تبصرہ غلط بیانی پر مبنی تھا۔ فوٹو: فائل

آئی سی سی نے مجوزہ ترامیم کے حوالے سے نجم سیٹھی کے الزامات مسترد کردیے، کرکٹ کی عالمی باڈی کا موقف ہے کہ سابق پی سی بی آفیشل کا دبئی میں 9جنوری کو ہونے والے فل ممبرز اجلاس کے بارے میں تبصرہ غلط بیانی پر مبنی تھا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی سابق عبوری انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ آئی سی سی میں تبدیلیوں کے حوالے سے تجاویز نہ مانی گئیں تو بگ تھری بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کرکٹ کی عالمی تنظیم سے نکل جائیں گے،ان کا کہنا تھا کہ 9جنوری کو اجلاس کے دوران میں نے 3 ممالک کو ویٹو پاور دینے کی مذمت کی تھی، انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے صدر جائلز کلارک سے کہا کہ سارا منصوبہ سن کر اقوام متحدہ یاد آگیا کیونکہ وہاں بھی 5 ویٹو پاورز ساری دنیا کی سیاست کو اپنے مفاد کے تحت چلاتی ہیں جبکہ آئی سی سی کا فلسفہ اس کے برعکس ہے، اس میں سب برابر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ جائلز کلارک نے ایک سوال پرکہا کہ ہم زیادہ ریونیو دیتے ہیں اسی لئے ویٹو پاورز بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔



نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ میں نے انگلش بورڈ کے چیف سے پوچھا کہ اگر غیر جمہوری نظام ہمیں پسند نہ ہو تو جائیں گڈیاں اڑائیں یا ہمیں لازمی قبول کرنا ہو گا؟ جائلز نے کہا کہ اگر آپ منظور نہیں کریں گے تو ہم آئی سی سی سے الگ ہو جائیںگے، مطلب یہ کہ انھوں نے دھمکی دی کہ جس 80 فیصد ریونیو پر ناز ہے وہ لے کر الگ ہو جائیں گے اور آئی سی سی چل نہیں سکے گی۔ منگل کو آئی سی سی نے مجوزہ ترامیم کے حوالے سے نجم سیٹھی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے ساری کہانی کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔کرکٹ کی عالمی باڈی کا پریس ریلیز میں موقف ہے کہ سابق پی سی بی آفیشل کا دبئی میں 9جنوری کو ہونے والے فل ممبرز اجلاس کے بارے میں تبصرہ غلط بیانی پر مبنی تھا، اس موقع پر منسوب کیے جانے والے مختلف بیانات میں کوئی حقیقت نہیں ۔