عمر شریف کی وہیل چیئر پر تصویر وائرل؛ مداحوں کی دعائیں

ویب ڈیسک  بدھ 1 ستمبر 2021
عمر شریف کی طبعیت کے حوالے سے فی الحال تفصیلات منظرعام پر نہیں آئی ہیں، فوٹوسوشل میڈیا

عمر شریف کی طبعیت کے حوالے سے فی الحال تفصیلات منظرعام پر نہیں آئی ہیں، فوٹوسوشل میڈیا

کراچی: پاکستان کے لیجنڈ اداکار اور کامیڈین عمر شریف کی اسپتال سے وہیل چیئر پر بیٹھے ہوئے تصویر وائرل ہورہی ہے۔

گزشتہ روز سوشل میڈیا پر عمر شریف کی دو تصاویر وائرل ہوئیں جن میں سے ایک تصویر میں وہ وہیل چیئر پر بیٹھے ہوئے کافی بیمار نظر آرہے ہیں۔ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مطابق یہ تصاویر اسپتال کی ہیں جہاں عمر شریف خرابی صحت کی وجہ سے گئے تھے۔ تاہم انہیں کیا ہوا ہے اس بارے میں  فی الحال تفصیلات منظر عام پر نہیں آئی ہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے مطابق عمر شریف کے گھر والوں نے مداحوں سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی درخواست کی ہے۔

لیجنڈ کامیڈین عمر شریف کی یہ تصاویر دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور لوگوں نے ان کی تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کررہے ہیں۔

عمر شریف کے نام سے مشہور پاکستان کے معروف اداکار، کامیڈین، ہدایت کار، پروڈیوسر اور ٹیلی ویژن شخصیت کا اصل نام محمد عمر ہے۔ عمر شریف کا شمار نہ صرف پاکستان کے بلکہ برصغیر کے نامور کامیڈینز میں ہوتا ہے۔ ان کا مشہور اسٹیج ڈراما ’’بکرا قسطوں پر‘‘ پاکستان اور بھارت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بے حد مقبول ہوا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔