جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیوں میں198ملزم گرفتار

ملزمان قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی و رہزنی ، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث تھے،اسلحہ ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد


Staff Reporter January 30, 2014
رینجرز نے شاہ لطیف ٹائون کے علاقے میں محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا ۔فوٹو:راشد اجمیری/ایکسپریس

پولیس و رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے198ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔

ملزمان قتل ، اقدام قتل ، ڈکیتی و رہزنی ، بھتہ خوری اور دیگر جرائم میں ملوث تھے ، ملزمان میں کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں ، تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون پولیس نے پیرآبادمیں آپریشن کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ بلوچ کالونی پولیس نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان الطاف ، طاہر اور عمر کو گرفتار کرلیا ، سہراب گوٹھ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایا جاتا ہے ، موچکو کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان واجد شاہ ، نثار عرف چیتا ، عابد اور ریاض کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے 4 ٹی ٹی پستول ، سیون ایم ایم رائفل اور متعدد رائونڈ برآمد کرلیے ۔



رینجرز نے شاہ لطیف ٹائون کے علاقے میں محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لی اور متعدد مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے بتایا کہ شاہ لطیف ٹائون سیکٹر 19-B اور قیوم آباد میں آپریشن کے دوران مجموعی طور پر 11 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے مختلف اقسام کے 31 ہتھیار برآمدکرلیے جن میں ایس ایم جی بھی شامل ہے جبکہ ایک مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کی گئی ، گرفتار کیے گئے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ، علاوہ ازیں سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق سندھ پولیس نے 24 گھنٹے کے دوران 106 چھاپوں اور 7 مقابلوں کے دوران 176 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔