غیرملکی کمپنی میں 25کروڑکی جعلسازی کا ملزم جیل منتقل

خلیق الزماں نے کمپنی کی رقم خوردبرد کرکے جائیداد خریدی،کمپنی اٹارنی


Staff Reporter January 30, 2014
ملزم کی وجہ سے مختلف شہروں اور قصبوں میں کمپنی کی مشینری بھی ضبط ہوچکی، ملزم خلیق الزماں / فوٹو : ایکسپریس

جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی شبیر احمد چنہ نے غیرملکی کمپنی حکام کے اکاؤنٹس سے جعلسازی اور فراڈ کے ذریعے25کروڑ کی رقم اپنے نام منتقل کرنے کے الزام میںگرفتار ملزم خلیق الزماں کو جیل منتقل کردیا۔

کمپنی کے اٹارنی نے ملزم سے رقم واپس لینے سے قبل گارنٹی کے طور پر اس کے تمام بنگلے عدالت کی تحویل میں دینے کی درخواست دائر کردی،غیر ملکی کمپنی سے کروڑوں روپے کی جعلسازی کرنے پر فارن آفس سے ملزم کا ڈیٹا طلب کرلیاگیا،حساس اداروں نے بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ،اٹارنی نے عدالت کو بتایا کہ یو اے ای کی کمپنی نادآل شیبا انٹرنیشنل پاکستان کے ایگزیکٹیو کی حیثیت سے دیکھ بھال کرنے والے ملز م خلیق الزماں نے کمپنی مالکان کے ساتھ جعلسازی کرتے ہوئے اکاونٹس میں سے25 کروڑ کی رقم اپنے نام منتقل کرلی۔



کراچی ،ملتان سمیت مختلف شہروں میں کروڑوں روپے مالیت کی جائیداد خریدلی،کمپنی جو جانوروں کی فروخت اور مشینر ی کا کاروبار کرتی ہے،ملزم کی وجہ سے مختلف شہروں اور قصبوں میں کمپنی کی مشینری بھی ضبط ہوچکی،ملزم کی وجہ سے غیر ملکی کمپنی میں پاکستانی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاجس کے بعد حساس اداروں نے بھی کروڑوں روپے کے اسکینڈل کی تحقیقات شروع کردی،ملزم کے خلاف پاکستان میں مختلف کمپنیوں اور شہریوں کے ساتھ جعلسازی کرنے کے الزام ہیں، ملزم کے خلاف تھانہ درخشاں میں مقدمہ بلال احمد خان کی مدعیت میں درج ہے ۔