معروف پاکستانی اداکار طلعت اقبال انتقال کرگئے

ویب ڈیسک  جمعـء 24 ستمبر 2021
طلعت اقبال گزشتہ کچھ دنوں سے شدید علیل اور وینٹی لیٹر پر تھے فوٹوفائل

طلعت اقبال گزشتہ کچھ دنوں سے شدید علیل اور وینٹی لیٹر پر تھے فوٹوفائل

ڈیلاس: پاکستان ٹی وی کے سینئر اداکار طلعت اقبال امریکا میں انتقال کرگئے۔

اداکار طلعت اقبال کے انتقال کی تصدیق ان کے اہلخانہ نے کی۔ طلعت اقبال گزشتہ کچھ دنوں سے شدید علالت کے باعث وینٹی لیٹر پر تھے اور ان کا  امریکا کے شہر ڈیلاس میں علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

اداکار طلعت اقبال عرصۂ دراز سے امریکا کی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلاس میں اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ مقیم تھے۔ طلعت اقبال کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ مسجد الرحمٰن میں ہوگی اور تدفین ریسٹ لینڈ قبرستان میں ہوگی۔

طلعت اقبال اور ان کی اہلیہ سنبل طلعت کا شمار ماضی کی کامیاب اداکارجوڑی میں ہوتا تھا، 1968 میں ریڈیو پاکستان سے کیرئیر کا آغازکرنے والے طلعت اقبال نے ٹیلی وژن کے بے شمارڈراموں میں کام کیا۔ ان کے معروف ڈراموں میں شکست آرزو، دودونی پانچ، آخری چٹان، آبگینے، کیف بہاراں، کاروان اوراب دیکھ خدا کیا کرتا ہے شامل ہیں۔

ان کی بیٹی ثومی طلعت بھی ایک ڈرامے میں کردارنگاری کرچکی ہیں،  طلعت اقبال 1999میں اپنے اہل خانہ کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئے تھے۔ اس دوران طلعت اقبال کئی مرتبہ پاکستان آئے، چند روز قبل طلعت اقبال کی بیٹی سارہ انتقال کرگئی تھیں اور اسی صدمے نے انہیں اسپتال پہنچا دیاتھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔