جماعت اسلامی کے ملک میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے

ویب ڈیسک  جمعـء 24 ستمبر 2021
مظاہرین نے حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا فوٹو:فائل

مظاہرین نے حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا فوٹو:فائل

 لاہور: جماعت اسلامی کی جانب سے لاہور اور کراچی سمیت ملک کے مختلف علاقوں اور شہروں میں مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔

مظاہرے میں جماعت اسلامی کے کارکنوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی اور اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کیا۔

لاہور میں وحدت روڈ پر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ تبدیلی سرکار ناکام ہو چکی ملک تباہی کی جانب گامزن ہے ، عمران خان نے قوم سے کوئی ایک وعدہ پورا نہیں کیا ، مہنگائی سے شہری خودکشی کررہے ہیں جبکہ حکومت آئی ایم ایف کی غلامی میں مگن ہے۔

ذکراللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ آٹا ، گھی ، چینی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں ، جماعت اسلامی حکومت کی کارکردگی کو مسترد کرتی ہے، عمران خان کے پاس کوئی روڈ میپ اور نظریہ نہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔