ملک میں حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی واقع ہوئی، وفاقی ادارہ شماریات

ارشاد انصاری  جمعـء 24 ستمبر 2021
آلو، پیاز، لہسن، آٹا، گندم، دال مسور، دال ماش، دال چنا اور دال مونگ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی، رپورٹ . فوٹو : فائل

آلو، پیاز، لہسن، آٹا، گندم، دال مسور، دال ماش، دال چنا اور دال مونگ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی، رپورٹ . فوٹو : فائل

 اسلام آباد: ملک میں رواں مالی سال 22-2021 کے پہلے اڑھائی ماہ مسلسل مہنگائی میں اضافہ کے رجحان کے بعد حالیہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں23ستمبر 2021 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران حسا س قیمتوں کے انڈیکس کے لحاظ ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی کی شرح میں0.07 فیصدکمی واقع ہوئی ہے جبکہ23ستمبر 2021 کو ختم ہونیوالے ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ(ایس پی آئی) کے لحاظ سے گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح13.88 فیصد رہی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران چائے کی پتی کی قیمتوں میں1.73فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں14.21فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں1.69 فیصد اضافہ ہوا ہے جب کہ آلو، کی قیمتوں میں0.18،لہسن کی قیمتوں میں2.12،دال چنا کی قیمتوں میں1.27فیصد، پیاز کی قیمتوں میں4.69فیصد، دال مونگ کی قیمتوں میں2.11فیصد، آٹے کی قیمتوں میں1.60فیصدکمی واقع ہوئی ہے۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں16.25فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں13.39فیصد، 22 ہزار 889روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں12.97فیصد، 29 ہزار 518روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح میں13.05فیصد اضافہ ہوا جبکہ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کی شرح 13.57فیصدرہی ہے.

اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران جن 20اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ان میں ٹماٹر، مٹن بیف، چکن، چینی، گُڑ، ویجی ٹیبل گھی، انڈے، تازہ دودھ اور ایل پی جی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔

اعدادوشمار میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے دوران جن 10اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے ان میں آلو،پیاز،لہسن،آٹا،گندم،دال مسور ،دال ماش دال چنا اور دال مونگ سمیت شامل ہیں البتہ21اشیائے ضرویہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔