آسام میں مسلمانوں پر بہیمانہ تشدد؛ بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

ویب ڈیسک  جمعـء 24 ستمبر 2021
آسام میں مسلمان باشندوں کے خلاف وحشیانہ بے دخلی مہم کا آغاز تشویشناک ہے، ترجمان دفتر خارجہ - فوٹو:فائل

آسام میں مسلمان باشندوں کے خلاف وحشیانہ بے دخلی مہم کا آغاز تشویشناک ہے، ترجمان دفتر خارجہ - فوٹو:فائل

 اسلام آباد: آسام میں مسلمانوں پر تشدد کے معاملے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔

بھارتی ریاست آسام میں مسلمانوں پر وحشیانہ بربریت کے معاملے پر پاکستان میں متعین بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا۔ پاکستان نے آسام میں مسلمانوں پر مظالم پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ آسام میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش ہے، آسام میں مسلمان باشندوں کے خلاف وحشیانہ بے دخلی مہم کا آغاز تشویشناک ہے، پولیس کے ہاتھوں غیر مسلح شخص کا قتل کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی موجودگی میں متعدد افراد نے لاش کی بے حرمتی کی، نہتے شخص کے قتل اور لاش کی بے حرمتی کی ویڈیو ناقابل یقین حد تک دھچکہ ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آسام میں مسلمانوں کے گاؤں میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران بھارتی پولیس نے تشدد کر کے 2 افراد کو شہید جبکہ 20 کو زخمی کردیا تھا۔ پولیس اہلکاروں کی مسلمانوں پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر لوگوں نے بھارتی حکومت کے اس اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔