27 ستمبر سے کراچی میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، اربن فلڈنگ کا خطرہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 ستمبر 2021
سندھ میں پیر جب کہ پنجاب اور بلوچستان میں منگل سے بارشوں کا امکان ہے فوٹو: فائل

سندھ میں پیر جب کہ پنجاب اور بلوچستان میں منگل سے بارشوں کا امکان ہے فوٹو: فائل

 کراچی: محکمہ موسمیات نے 27 ستمبر سے شہر قائد سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں موجود ہوا کا کم دباؤ شدت اختیار کر کے سمندری طوفان میں تبدیل ہونا شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث وسطی بھارت اور گجرات کے بعد کراچی سمیت سندھ کے بیشتر جب کہ جنوبی پنجاب کے بعض اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق 27 ستمبر پیر کی رات سے مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ صوبہ سندھ میں داخل ہوں گی جو 02 اکتوبر تک وقفے وقفے سے بارش کا باعث بنیں گی۔ 28 ستمبر بروز منگل سے 02 اکتوبر تک میرپور خاص، تھرپارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ، ٹھٹہ، بدین، کراچی، حیدر آباد، ٹنڈو اللہ یار، ٹنڈو محمد خان، مٹیاری، شہید بینظیر آباد، دادو،قلات، خضدار اور لسبیلہ میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

28 ستمبر سے 30 ستمبر کے دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، کوہلو، سبی، نصیر آباد، بارکھان، ژوب، ڈیرہ غازی خان، راجن پور اور بہاولپور میں بھی کہیں کہیں پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ تیز بارش کے باعث کراچی، ٹھٹہ، بدین اور حیدر آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے جب کہ قلات، خضدار اور لسبیلہ کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔