ڈیفینس میں پولیس نے اے ٹی ایم مشین توڑنے کی کوشش ناکام بنادی، ملزم گرفتار

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 ستمبر 2021
ملزم منور حسین ولد اللہ بخش  کے قبضے سے ہتھوڑی، چھینی اور دیگر اوزار برآمد ہوئے ہیں، پولیس۔(فوٹو: فائل)

ملزم منور حسین ولد اللہ بخش کے قبضے سے ہتھوڑی، چھینی اور دیگر اوزار برآمد ہوئے ہیں، پولیس۔(فوٹو: فائل)

 کراچی: ساحل پولیس نے ڈی ایچ اے مرتضی کمرشل لین میں اے ٹی ایم مشین توڑنے کی واردات ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ہفتے کی صبح رکشے میں سوار 4 ملزمان مرتضی کمرشل پر آئے، جن میں سے دو ملزمان نے رکشے سے اتر کر بینک کے کیمروں پر اسپرے کیا اور پھر واپس جا کر رکشہ میں بیٹھ گئے، جب کہ ایک ملزم بینک کے اے ٹی ایم بوتھ میں جاکر اسے توڑنے لگا جس پر اے ٹی ایم مشین کا الارم بجنا شروع ہوگیا۔

الارم کی آواز سن کر وہاں سے گزرنے والے ایک شہری نے مدد گار 15 پولیس کو اطلاع دے دی۔ ساحل پولیس کی موبائل موقع پر پہنچی تو رکشے میں بیٹھے 3 ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تاہم اے ٹی ایم بوتھ میں موجود ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا گیا۔

ملزم کی شناخت منور حسین ولد اللہ بخش  کے نام سے ہوئی، ملزم کے قبضے سے ہتھوڑی، چھینی اور دیگر اوزار برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے  تفتیش شروع کردی ہے جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔