سعودی عرب ایک بار پھر موخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل فراہم کرے گاوزیرخزانہ

چینی اور گندم کی قلت 30 سال تک ملک پر حکومت کرنے والوں کی ناکامی ہے، وزیر خزانہ


ویب ڈیسک September 29, 2021
چینی اور گندم کی قلت 30 سال سے ملک پر حکومت کرنے والوں کی ناکامی ہے، وزیر خزانہ۔ (فوٹو: فائل)

وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تیل کی فراہمی کا معاہدہ تکمیل کے قریب ہے، سعودی عرب ایک بار پھر موخر ادائیگیوں پر پاکستان کو تیل فراہم کرے گا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ خام تیل کی عالمی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان سعودی عرب سے ایک بار پھر موخر ادائیگیوں پرتیل کی فراہمی کا معاہدہ کررہا ہے جو تکمیل کے قریب ہے، دو سے تین روز میں تفصیلات سامنے آ جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے ملک کی معیشت بہتر ہورہی ہے، گزشتہ سالوں میں گندم کی قیمت نہ بڑھانے سے پیداوار میں کمی ہوئی، موجودہ حکومت قلت کے باعث گندم امپورٹ کر رہی ہے، آج ہی ہم نے اہم فیصلہ کیا ہے کہ ڈی اے پی بہت زیادہ سبسڈی دے رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چینی اور گندم کی کمی 30 سال سے حکومت کرنے والوں کی ناکامی ہے، اس سال 27 ملین ٹن گندم ہوئی ہم اس کا ہدف 30 ملین ٹن مقرر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: حکومت کا وزیرخزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کا فیصلہ

وزیر خزانہ نے کہا کہ رواں سال ساڑھے چارارب روپے کی کورونا ویکسین خریدی گئی، ان کا کہنا تھا کہ مجھے سینیٹر بنانے کی کوشش ہورہی ہے یہ وزیرخزانہ تو تنخواہ بھی نہیں لیتا، آپ کو یقین دلاتا ہوں یہ وزیرخزانہ کہیں نہیں جارہا اس سے پہلے بھی وزیرخزانہ اور سینیٹر رہ چکا ہوں

واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2019 میں بھی پاکستان کو مؤخر ادائیگیوں پر تیل فراہم کیا تھا۔