عمرشریف کی جرمنی سے امریکا روانگی میں مزید تاخیر

ویب ڈیسک  جمعـء 1 اکتوبر 2021
عمر شریف کو 28 ستمبر کو جرمنی لایا گیا تھا، فوٹو: فائل

عمر شریف کو 28 ستمبر کو جرمنی لایا گیا تھا، فوٹو: فائل

برلن: دل کے عارضے میں مبتلا معروف مزاحیہ اداکار عمر شریف کو آپریشن کے لیے امریکا جانا تھا تاہم اس وقت نمونیہ کے مرض میں مبتلا ہونے کے باعث انھیں جرمنی کے اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

اسٹیج سے اداکاری کا آغاز کرنے والے معروف کامیڈین اور میزبان عمر شریف دل کی ہائی رسک سرجری کے لیے ایئر ایمبولینس کے ذریعے پاکستان سے 28 ستمبر کو جرمنی پہنچے جہاں سے انھیں امریکا کے لیے سفر کرنا تھا۔

عمر شریف جرمنی پہنچنے پر بخار، ہلکے نمونیہ اور نقاہت کا شکار ہوگئے تھے جس پر انھیں نیورمبرگ کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ تاحال زیر علاج ہیں اور طبیعت کی بحالی کے بعد ہی امریکا کے لیے روانہ ہوں گے۔

امریکا میں عمرشریف کے دل کے آپریشن کے لیے 8 ماہرین امراض قلب کی ٹیم تشکیل دیدی گئی جس میں ڈاکٹر سید طارق شہاب بھی شامل ہیں جو معروف اداکارہ ریما کے شوہر ہیں۔ ریما اور ان کے شوہر نے عمر شریف کے علاج کے لیے خصوصی دلچسپی ظاہر کی تھی۔

ماہرامراض قلب سید طارق شہاب نے جرمنی میں عمر شریف کی طبیعت میں بہتری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جرمنی میں ڈاکٹرز سے رابطے میں ہیں۔ عمر شریف کو اینٹی بائیوٹک دی جارہی ہیں تاہم مکمل صحت یابی میں وقت لگے گا جس سے امریکا روانگی میں تاخیر ہوسکتی ہے۔

عمر شریف کی امریکا روانگی کے لیے فیصلہ کرنے میں اب بھی ڈاکٹرز کو 24 گھنٹے لگ سکتے ہیں جب کہ جرمنی سے واشنگٹن کا سفر 8 سے 9 گھنٹے کا ہے تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ امریکا میں عمر شریف کے آپریشن کی تیاریاں مکمل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔