وزیر اعظم عمران خان اور بل گیٹس میں ٹیلی فون پر رابطہ

وزیراعظم کی بل گیٹس سے افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کی درخواست


ویب ڈیسک October 06, 2021
وزیراعظم کی بل گیٹس سے افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کی درخواست۔ فوٹو:فائل

وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے مابین پاکستان اور افغانستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے بات ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور بل گیٹس کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا، جس میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں اور غذائیت و مالی خدمات کو بہتر بنانے کے لیے فاوٴنڈیشن کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس سال وائلڈ پولیو وائرس کا صرف ایک کیس رپورٹ ہوا، حکومت ملک میں ہر قسم کے پولیو کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر بل گیٹس نے فاوٴنڈیشن کی جانب سے پاکستان پولیو پروگرام کو جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔

وزیراعظم اور بل گیٹس نے افغانستان میں صحت کے نظام کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا اور دونوں نے افغانستان میں پولیو مہم دوبارہ شروع ہونے کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ افغانستان کی آدھی سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے، اسے مالی امداد کی اشد ضرورت ہے، بل گیٹس افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کریں۔ وزیراعظم نے بل گیٹس کا پاکستان کے ساتھ فاوٴنڈیشن کی قیمتی شراکت داری پر شکریہ ادا کیا۔