پاکستان نے تاریخ بدل دی، بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں عبرتناک شکست

ویب ڈیسک  اتوار 24 اکتوبر 2021
بابراعظم اور محمد رضوان نے ریکارڈ ساز نصف سنچریاں اسکور کیں  - فوٹو: آئی سی سی

بابراعظم اور محمد رضوان نے ریکارڈ ساز نصف سنچریاں اسکور کیں - فوٹو: آئی سی سی

دبئی: پاکستان نے بھارت کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شکست دے کر تاریخ بدل دی۔ 

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے معرکے میں پاکستانی بولرز نے نپی تلی بولنگ کرتے ہوئے بھارتی بلے بازوں کو کھل کر بیٹنگ کرنے کا موقع نہیں دیا جس کے باعث بھارتی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر 151 رنز بنائے۔

https://twitter.com/TheRealPCB/status/1452327589427785736

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کوئی وکٹ کھوئے 152 رنز کا ہدف حاصل کرلیا اور اس دوران بھارت کے خلاف اوپننگ کی ریکارڈ شراکت بھی قائم کی۔

بابراعظم نے 40 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی جب کہ محمد رضوان نے 41 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ محمد رضوان 79 اور بابراعظم 68 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

اس سے قبل میچ کا ٹاس قومی ٹیم کےکپتان بابراعظم نے جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت کی جانب سے کے ایل راہل اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے اوور میں روہت شرما کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیجا اور اپنے دوسرے اوور میں راہول کو بھی صرف 3 رنز پر بولڈ کردیا۔

ویرات کوہلی نے سوریا کمار یادو کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانا شروع کیا تاہم محمد رضوان نے حسن علی کی گیند پر 11 رنز بنانے والے یادوو کا شاندار کیچ پکڑ کر ان کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1452296570465136640

ویرات کوہلی نے رشپ پانٹ کے ساتھ ملکر 38 گیندوں پر 50 رنز کی اہم شراکت قائم کی ، پانٹ 30 گیندوں پر 39 رنز بنانے کے بعد شاداب خان کا شکار بن گئے، رویندرا جڈیجا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ ہارڈک پانڈیا صرف 11 رنز بناسکے۔

کپتان ویرات کوہلی نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی تاہم شاہین نے انہیں 57 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، حسن علی نے 2، حارث رؤف اور شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

https://twitter.com/T20WorldCup/status/1452275983273373698

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔