فاسٹ بولر حسن علی کی ’دل دل پاکستان‘ گانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی

ویب ڈیسک  اتوار 24 اکتوبر 2021
فاسٹ بولر حسن علی ایک اسٹول پر بیٹھے ہاتھ میں گٹار لئے دل دل پاکستان گانا گارہے ہیں۔ فوٹو:سوشل میڈیا اسکرین گریپ

فاسٹ بولر حسن علی ایک اسٹول پر بیٹھے ہاتھ میں گٹار لئے دل دل پاکستان گانا گارہے ہیں۔ فوٹو:سوشل میڈیا اسکرین گریپ

دبئی: آئی سی سی نے سوشل میڈیا پر پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کی ملی نغمہ گنگنا نے کی ویڈیو شیئر کردی۔ 

دبئی میں جاری آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آج سب سے بڑا ٹاکرا روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے مابین ہوگا، اور ایسے موقع پر ناصرف پاکستانی شائقین بلکہ دنیا بھر میں کرکٹ دیکھنے والے شائقین کی نظریں اس معرکے پر لگی ہوئی ہیں، دنیا بھر سے اپنی اپنی پسند کی ٹیموں کے لئے نیک خواہشات اور جذبات کا اظہار کیا جارہا ہے، جب کہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور کرکٹ بورڈز کی جانب سے روایتی حریف کو مات دینے کے لئے ناصرف پیغامات دیئے جارہے ہیں بلکہ انعامات کے وعدے بھی کئے جارہے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے سابق اور موجودہ کرکٹرز کی جانب سے بھی دعاؤں اور اسپورٹ کی اپیل کی جارہی ہے، دوسری جانب آئی سی سی نے بھی پاکستانی شائقین کا لہو گرمانے کے لئے اپنی سوشل میڈیا ویب سائٹ پر پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی کی ملی نغمہ ’دل دل پاکستان‘ گنگنانے کی ویڈیو شیئر کردی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فاسٹ بولر حسن علی ایک اسٹول پر بیٹھے ہاتھ میں گٹار لئے پاکستان کا مشہور و معروف ملی نغمہ ” دل دل پاکستان” گنگنا رہے ہیں۔  آئی سی سی نے ویڈیو کے ساتھ ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ حسن علی نے آج رات کے بلاک بسٹر مقابلے سے پہلے دل دل پاکستان گنگناتے ہوئے اپنی دل اور روح کو اس نغمے میں پیش کیا ہے۔

حسن علی ملی نغمہ گانے سے پہلے اس بات کا اعتراف کررہے ہیں کہ انہیں گٹار بجانا نہیں آتا، جب کہ مایہ ناز آل راؤنڈر محمد حفیظ حسن علی کو گٹار پکڑاتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ ایک عرصے سے یہ ملی نغمہ ہمارے دلوں کو گرما رہا ہے اور ہمیں یکجا کئے ہوئے ہے۔ ملی نغمے کے بعد حسن علی یہ بھی کہتے نظر آتے ہیں کہ میری انگلیوں میں درد ہورہا ہے، جب کہ قریب موجود ساتھی کرکٹر ان کے گانے پر انہیں تالیاں بجا کر داد رہے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔