چیف سلیکٹر کی ذمہ داری عامر سہیل کو مل گئی

سابق کپتان ٹیلنٹ نکھارنے سے میدان میں اتارنے تک کردار ادا کرینگے، ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ کا عہدہ بھی مل گیا


Sports Reporter February 05, 2014
ماضی کے مایہ ناز بیٹسمین باسط علی کراچی ریجنل اکیڈمیز کے کوچ مقرر، انتخاب عالم بدستور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کی خدمات انجام دینگے، فوٹو: ٹی ایم این/فائل

ٹیلنٹ نکھارنے سے میدان میں اتارنے تک کی ذمہ داریاں عامر سہیل کے سپرد کردی گئیں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کپتان کو ڈائریکٹر گیم ڈیولپمنٹ کے ساتھ چیف سلیکٹر بھی مقررکردیا۔

محمد الیاس قومی جونیئر اور ویمنز ٹیموں کا انتخاب کریں گے، باسط علی کراچی ریجنل اکیڈمیز کے کوچ ہونگے، انتخاب عالم بدستور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ اپنے تجربہ کی بنیاد پر سابق اوپنر نوجوان کرکٹرز کی گرومنگ کیلیے بہترین انتخاب ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے عامر سہیل کو چیف سلیکٹر مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا، سابق کپتان کو قومی ٹیم کے انتخاب کیساتھ ساتھ ڈائریکٹرگیم ڈیولپمنٹ کی ذمہ داری بھی سونپی گئی ہے، نئے ٹیلنٹ کو گروم کرنے کیلیے انتہائی اہمیت کے حامل اس عہدے پر کام کرتے ہوئے انہیں پی سی بی کے تحت کام کرنے والی ریجنل اکیڈمیز، انڈر19کرکٹرز، بائیو مکینکس جیسے شعبوں کے معاملات بھی دیکھنے ہوں گے، یوں کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے سے لے کر انٹرنیشنل ایونٹس کیلیے انتخاب کرکے میدان میں اتارنے تک کی دہری ذمہ داریاں ان کے سپرد کی گئی ہیں، فی الحال سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، سلیم جعفر،فرخ زمان اور اظہر خان کے کنٹریکٹ میں توسیع کردی گئی ہے۔

 photo 1_zpsd5f3de61.jpg

بورڈ ترجمان کے مطابق محمد الیاس قومی جونیئر اور ویمنز ٹیموں کا انتخاب کریں گے، سابق ٹیسٹ کرکٹر اس سے قبل بھی چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں بھی نبھاچکے ہیں، باسط علی کراچی ریجنل اکیڈمیز کے کوچ ہونگے، انہیں ویمن ٹیم کی کوچنگ کا موقع مل چکا ہے، انتخاب عالم بدستور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے جولائی 2013 میں اپنے معاہدے میں مزید توسیع سے معذرت کرلی تھی جس کے بعد سے اس عہدے پر کسی کا تقررنہیں کیا جاسکا، پی سی بی کی عبوری انتظامی کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے معین خان کو چیف سلیکٹر بنایا تھا لیکن اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے بڑے فیصلوں سے روکے جانے کے بعد تقرری کالعدم ہوگئی جس پر سابق وکٹ کیپر کو منیجر مقرر کرکے تلافی کردی گئی۔گذشتہ ماہ ذکا کو عدالت نے دوبارہ چیئرمین کے عہدے پر بحال کر دیا تھا جس کے بعد انھوں نے اہم فیصلوں کے بعد عملی اقدامات اٹھانا شروع کردیے ہیں۔

واضح رہے کہ عامر سہیل اس سے قبل ورلڈ کپ 2003 کے بعد چیف سلیکٹر کی حیثیت سے کام کرتے ہوئے نئے ٹیلنٹ کی ایک کھیپ سامنے لانے میں کامیاب ہوئے تھے، سابق کپتان 2009 میں سابق چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ کے دور میں بطور ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ کام کرچکے ہیں تاہم انھوں نے بعد میں کام کرنے میں آزادی نہ ہونے کے باعث عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ سابق اوپنر نے پاکستان کی جانب سے 47 ٹیسٹ میچوں میں 2 ہزار 823 رنز اسکور کیے جبکہ انھوں نے 156 ون ڈے میچز میں ملک نمائندگی کرتے ہوئے 5 سنچریوں سمیت 4 ہزار 780 رنز اپنے نام درج کرائے۔ چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف نے کہا ہے کہ گورننگ بورڈ نے قومی کرکٹ کا ڈھانچہ مضبوط بنانے کیلیے جن بڑی تبدیلیوں کی منظوری دی، عامر سہیل کی تقرری اس سمت میں اہم قدم ہے،انھوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ سے نیا ٹیلنٹ دریافت کرنے کیلیے انقلابی اقدامات کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی، سابق کپتان اپنے تجربے کی بنیاد پر ہمارے مستقبل کے پلان کی تکمیل کیلیے بہترین انتخاب ہیں،عامر سہیل نہ صرف قومی کرکٹ اکیڈمیز کو موثر بناتے ہوئے نوجوان کرکٹرز کو آگے لائیں گے بلکہ سلیکٹر کی حیثیت سے ان کی صلاحیتوں سے انصاف کرتے ہوئے میدان میں بھی اتار سکیںگے۔