مچل جونسن نے جنوبی افریقہ کیخلاف طبل جنگ بجادیا

انگلینڈ کے بعد اب پروٹیز بیٹنگ لائن کو تباہ کرنے کیلیے تیار ہوں، آسٹریلوی پیسر


Sports Desk February 05, 2014
ایشز سیریز میں انگلینڈ پر تباہی بن کر نازل ہونے والے جونسن ایک بار پھر اپنی تباہ کن بولنگ کا جلوہ دکھانے کے لیے بیتاب ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل جونسن نے جنوبی افریقہ کے خلاف طبل جنگ بجادیا، ان کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے بعد اب پروٹیز بیٹنگ لائن کو تباہ کرنے کیلیے تیار ہوں، گریم اسمتھ کونشانہ بنانے سے باز نہیں آئوں گا، جنوبی افریقی کنڈیشنز میرے لیے نئی نہیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز 12 فروری سے ہورہا ہے، ایشز سیریز میں انگلینڈ پر تباہی بن کر نازل ہونے والے جونسن ایک بار پھر اپنی تباہ کن بولنگ کا جلوہ دکھانے کے لیے بیتاب ہیں، ان کے لیے یہ سیریز ایک طرح سے 2009 سے ملتی جلتی ہی ہے اس وقت وہ پروٹیز کے خلاف ہی ہوم سیریز میں شاندار پرفارمنس کے بعد جنوبی افریقہ آئے تھے مگر بعد میں انھیں مشکلات کا سامنا رہا اور آئوٹ آف فارم ہوگئے تھے۔

 photo 10_zps49b4d8a9.jpg

سڈنی میں کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ میں انھوں نے جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ کا دایاں ہاتھ توڑا تھا جبکہ جوابی سیریز میں انھوں نے اسمتھ کے دوسرے ہاتھ کو نشانہ بنایا تھا ، ان کا پروٹیز قائد کے ساتھ پرانا کھاتہ ہے، وہ 8 ٹیسٹ میچز میں انھیں 5مرتبہ آئوٹ کرچکے اور اس بار بھی ان کا نشانہ وہی ہیں، جونسن کا کہنا ہے کہ اس قسم کی چیزیں ذہن میں موجود ہوتی ہے انھیں بھلایا یا نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، اس بار بھی آپ اس کی توقع کرسکتے ہیں کیونکہ میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتوں گا، 2009 کے مقابلے میں میں اب زیادہ سمجھدار ہوچکا اور سخت محنت کررہا ہوں اس بار اپنی فارم کو متاثر نہیں ہونے دوں گا۔ مچل جونسن نے مزید کہا کہ ایشز میں عمدہ کارکردگی پر انگلش شائقین نے بھی مجھے سراہا اور مجھے یقین ہے کہ میں جنوبی افریقی شائقین کو بھی مایوس نہیں کروں گا، آسٹریلوی اٹیک کی قیادت میرے لیے ایک اعزاز اور میں اس پر پورا اترنے کی پوری کوشش کروں گا۔