شاہ رخ خان کی سالگرہ پر ’’منت‘‘ کے باہر مداح کا انوکھا اقدام

حال ہی میں شاہ رخ کے بیٹے آریان جیل سے باہر آئے ہیں تو مداح ’’خان فیملی‘‘ کیلئے زیادہ خوش اور جذباتی ہیں


ویب ڈیسک November 02, 2021
شاہ رخ کے مداح گزشتہ روز سے ہی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لیے ’’منت‘‘ کے باہر موجود ہیں فوٹوفائل

بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ان کے گھر ''منت'' کے باہر مداح کے انوکھے اقدام نے سب کو چکرا رکھ دیا۔

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان آج اپنی 56 ویں سالگرہ منارہے ہیں۔ کنگ خان کی سالگرہ ممبئی میں کسی تہوار سے کم نہیں ہوتی۔ ہر سال 2 نومبر کو کنگ خان کے ہزاروں مداح ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہوتے ہیں۔ اور سپر اسٹار کے گھر ''منت'' کے باہر مختلف بینرز اٹھائے، گانا گاتے ہوئے اور کیک کاٹ کر اپنے پسندیدہ اسٹار کی سالگرہ کاجشن مناکر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شاہ رخ خان کی سالگرہ کے موقع پر ''منت'' کے باہر کا نظارہ دیکھنا ہمیشہ ہی بہت خاص ہوتا ہے۔

رواں سال بھی کنگ خان کے گھر کے باہر گزشتہ روز سے ہی ان کے چاہنے والے جمع ہونا شروع ہوگئے۔ چونکہ حال ہی میں شاہ رخ کے بیٹے آریان خان بھی جیل سے باہر آئے ہیں تو مداح ''خان فیملی'' کے لیے زیادہ خوش اور جذباتی ہیں اور اس بار کنگ خان کی سالگرہ کو مزید اسپیشل بنارہے ہیں۔

ماضی میں شاہ رخ خان کی سالگرہ پر اپنے پسندیدہ سپراسٹار کے لیے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مداحوں کو کئی چیزیں کرتے ہوئے دیکھا گیا مگر اس بار کچھ مزاحیہ ہوا۔

شاہ رخ کے مداح گزشتہ روز سے ہی انہیں سالگرہ کی مبارکباد دینے کے لیے ''منت'' کے باہر موجود ہیں۔ اسی دوران ایک مداح نے شاہ رخ خان بن کر دیگر مداحوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے کی کوشش کی اور اس میں کسی حد تک کامیاب بھی رہا۔

شاہ رخ کا یہ پرستار منت کے باہرگاڑی کے سن روف پر کھڑے ہوکر اس طرح ہاتھ لہراتے ہوئے گزرا جیسے شاہ رخ خان ہاتھ لہراتے ہیں جو کہ ان کا سگنیچر اسٹیپ بھی ہے۔ اس شخص کا آدھا چہرہ ماسک کے ڈھکا ہوا تھا لہذا وہاں موجود تمام لوگ یہ سمجھے کہ شاہ رخ خان ان کے درمیان سے گزرے ہیں اور اس طرح اس مداح نے چند سیکنڈ کے لیے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔



واضح رہے کہ کنگ خان کی سالگرہ کے موقع پر ''منت'' کو مختلف روشنیوں سے سجایا گیا ہے اور شاہ رخ کا گھر کسی محل سے کم نہیں لگ رہا۔ پرستاروں کا کہنا ہے کہ ''منت تو جنت بن گیا''۔