مختلف حادثات و واقعات میں 3 افراد ہلاک 7 زخمی

گاڑیوں کے تصادم میں ایک شخص ہلاک ہوگیا،خاتون مکان کی چھت سے گرگئی،نوجوان کرنٹ لگنے سے جاں بحق


Staff Reporter February 06, 2014
ماڑی پور کے علاقے محمدی کالونی میں تعمیراتی کام کے دوران 35 سالہ متین ولد خلیل اور 50 سالہ شفیق ولد میر زخمی ہوگئے۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات و واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سپر ہائی وے پر گنا منڈی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے جنھیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، اسپتال حکام کے مطابق مرنے والے کی شناخت 48 سالہ عبدالرزاق کے نام سے کی گئی جبکہ زخمیوں میں 40 سالہ طارق ، 42 سالہ عبدالرشید ، 45 سالہ گلزار ، 40 سالہ فاروق اور 45 سالہ رزاق بھی شامل ہیں ، ہلاک و زخمی اپنی سوزوکی میں منڈی جارہے تھے کہ عقب سے آنے والی تیز رفتار گاڑی نے ٹکر مار دی۔

 photo 1_zpsc5462ce0.jpg

علاوہ ازیں ریسکیو حکام کے مطابق کلفٹن میں گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 30 سالہ اسرار ہلاک ہوگیا جس کی لاش قریبی نجی اسپتال لے جائی گی ، دریں اثنا بغدادی کے علاقے موسیٰ لین میں مسجد کے قریب مکان کی چھت سے گر کر 55 سالہ مسرت بی بی ہلاک ہوگئی ، ماڑی پور کے علاقے محمدی کالونی میں تعمیراتی کام کے دوران 35 سالہ متین ولد خلیل اور 50 سالہ شفیق ولد میر زخمی ہوگئے۔