صوبائی كابینہ كی تشكیل نو میں كوئی اختلاف نہیں بی اے پی

سابق حكومت كا خاص ٹولہ سازشوں میں مصروف ہےجسے ہم كامیاب نہیں ہونے دیں گے، ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی


ویب ڈیسک November 07, 2021
سابق حكومت كا خاص ٹولہ سازشوں میں مصروف ہےجسے ہم كامیاب نہیں ہونے دیں گے، ترجمان بلوچستان عوامی پارٹی۔(فوٹو: فائل)

بلوچستان عوامی پارٹی كے ترجمان واركان اسمبلی نے كہا ہے كہ صوبائی كابینہ كی تشكیل میں اختلافات نہیں، بی اے پی اور اتحادی متحد ہیں، عہدوں كی فكرنہ وزارتوں كے طلب گار ہیں ،سابقہ حكومت كا سازشی ٹولہ اختلافات كی بے بنیاد خبریں پھیلارہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار بلوچستان عوامی پارٹی كے ترجمان سردار عبدالرحمن كھیتران نے سوشل میڈیا پر حكومت میں اختلافات سے متعلق خبروں كی تردید كرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی كابینہ كی تشكیل میں كوئی اختلافات نہیں ہیں، عہدے ووزارتیں اہمیت نہیں ركھتے، ہم قدوس بزنجو كے سپاہی ہیں۔

انہوں نے كہا كہ سابقہ حكومت كا خاص ٹولہ سازشوں میں مصروف ہے۔ اس موقع پر ركن بلوچستان اسمبلی لالا رشید بلوچ نے ان كے نام سے سوشل میڈیا پرغلط پروپیگنڈے كی تردید كرتے ہوئے كہا كہ ان سے متعلق سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں، بی اے پی كے تمام اركان قدوس بزنجو كی قیادت میں متحد ہیں۔

اكبر آسكانی نے كہا كہ ہم سب ایک ہیں كسی كی كوئی ناراضگی نہیں چند مخصوص افراداپنے مذموم مقاصد کے لیے غلط خبریں پھیلا رہے ہیں۔ وزارتوں كے طلب گار نہیں سازشی عناصر كے منفی ہتھكنڈوں سے باز رہا جائے، ركن بلوچستان اسمبلی میر سكندر عمرانی نے كہا كہ وزیراعلی قدوس بزنجو كی قیادت میں پارٹی اور اتحادی اراكین متحد ہیں۔

مقبول خبریں