الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق قانون اگلے ہفتے منظور کرالیا جائے گا، شبلی فراز

ویب ڈیسک  اتوار 14 نومبر 2021
ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے بہترین پیکیچز لائے جارہے ہیں، شبلی فراز فوٹو: فائل

ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے بہترین پیکیچز لائے جارہے ہیں، شبلی فراز فوٹو: فائل

 پشاور: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کا کہنا ہے کہ انتخابی اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں سے متعلق قانون اگلے ہفتے منظور کرالیا جائے گا۔

پشاور میں تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ماضی میں ہونے والے تمام انتخابات متنازع رہے، الیکشن کو شفاف بنانے کے لئے ای وی ایم کو جگہ دینی ہوگی، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کا مقصد بیرونی مداخلت کو روکنا ہے، اس سلسلے میں تمام لوگوں کو بریفنگ دی جارہی ہیں، اگلے ہفتے اس حوالے سے قانون منظور ہو جائے گا۔

اپوزیشن اتحاد کے حوالے سے شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے بہترین پیکیچز لائے جارہے ہیں، اپوزیشن کے پاس قوم کے لیے اور مہنگائی کو کم کرنے کے کوئی آپشن نہیں، پی ڈی ایم کو ہمیشہ ناکامی ہوئی ہے، پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے درمیان اختلافات ہیں، وہ کبھی ایک نہیں ہو سکتے، مولانا فضل الرحمان کی صورتحال واضح نہیں، وہ ’رینٹ اے کراؤڈ‘ (کرائے پر لوگوں کو لانے والے) بن چکے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا ہمسایہ ملک ہے، اس کی خوشحالی اور امن کا اثر پاکستان پر براہ راست ہوتا ہے، افغانستان میں معاشی صورتحال ٹھیک نہیں، جس کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر کو افغانستان کو مدد کرنا ہوگی، عالمی دنیا کو افغانستان کو تنہا نہیں چھوڑنا چاہیے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔