آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا چیمپئن بن گیا

ویب ڈیسک  اتوار 14 نومبر 2021
مچل مارش کو مین آف دی میچ اور ڈیوڈ وارنر کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا - فوٹو: آئی سی سی

مچل مارش کو مین آف دی میچ اور ڈیوڈ وارنر کو مین آف دی سیریز قرار دیا گیا - فوٹو: آئی سی سی

 دبئی: نیوزی لینڈ کو 8 وکٹ سے شکست دے کر آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا نیا چیمپئن بن گیا۔ 

دبئی میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب سے بڑے اور آخری معرکے میں نیوزی لینڈ نے کپتان کین ولیمسن کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 172 رنز بنائے جس کے جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف ایک اوور پہلے ہی صرف 2 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔

https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1459928533724184585

آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مچل مارش کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا جب کہ ڈیوڈ وارنر کو ٹورنامنٹ میں 289 رنز بنانے پر مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔

https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1459934725544497153

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان ایرون فنچ 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے لیکن ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش نے 92 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے میچ نیوزی لیںڈ سے دور لے گئے، دونوں بلے بازوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔

https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1459924558589296642

ڈیوڈ وارنر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم مچل مارش وکٹ پر ڈٹے رہے اور 77 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ گلین میکسوئل بھی 28 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے دونوں وکٹیں ٹرینٹ بولٹ نے حاصل کیں۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی کپتان ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ کیویز کی جانب سے سیمی فائنل کے ہیرو ڈیرل مچل بڑے معرکے میں ناکام رہے اور صرف 11 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔ گلین فلپس 18 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

https://twitter.com/ICC/status/1459908458673704971

مارٹن کپٹل بھی بیٹنگ کے دوران بہت مشکل میں دکھائی دیے اور 35 گیندوں پر صرف 28 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد آؤٹ ہوئے تاہم کپتان کین ولیمسن نے جارحانہ انداز اپنائے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 48 گیندوں پر 85 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیوی بلے بازوں کو خوب پریشان کیے رکھا اور 3 وکٹیں بھی حاصل کیں جب کہ ایک وکٹ ایڈم زمپا کے حصے میں آئی۔

https://twitter.com/ESPNcricinfo/status/1459935600061005824

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔