پنشن کا معاملہ ہائیکورٹ نے 6 اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز کو طلب کرلیا

ڈی ایم سیز کی جانب سے کی جانیوالی کٹوتیوں کو باقاعدگی سے کے ایم سی کے محکمہ اکائونٹس و فنانس کو بھیجاجائے


Staff Reporter February 07, 2014
ڈی ایم سیز کی جانب سے کی جانیوالی کٹوتیوں کو باقاعدگی سے کے ایم سی کے محکمہ اکائونٹس و فنانس کو بھیجاجائے۔ فوٹو: فائل

عدالت عالیہ نے بلدیہ عظمیٰ کے پنشنرزکو پنشن بروقت ادا نہ کرنے اور بلدیاتی ملازمین کو تنخواہ کی ادائیگی نہ ہونے پر 6 اضلاع کے ضلعی بلدیاتی اداروں کے ایڈمنسٹریٹرز کو عدالت میں طلب کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سندہ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے مقدمے کی سماعت پر کہا ہے کہ کے ایم سی کے پنشنرز کو باقاعدگی سے پنشن کی ادائیگی کیلیے ڈی ایم سیز کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں سے کی جانے والی کٹوتیوں کو باقاعدگی سے کے ایم سی کے محکمہ اکائونٹس و فنانس کو بھیجیں تاکہ پنشن کے نظام میں باقاعدگی لائی جاسکے، عدالت نے آئندہ سماعت 26 فروری تک ملتوی کرتے ہوئے 6 اضلاع کے ضلعی ایڈمنسٹریٹرز کو ذاتی طور پر پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے ،سماعت پر سجن یونین کے صدر سید ذوالفقارشاہ نے بتایاکہ اس ماہ کی تنخواہیں کے بلدیاتی ملازمین کو ادا نہیں کی جاسکیں جبکہ بلدیہ جنوبی میں شدید مالی بحران کی وجہ سے صدر زون میں گریڈ 7 تک اور لیاری زون میں گریڈ 5 تک کی تنخواہیں دسمبر کی ادا کی گئی ہیں باقی ملازمین اور افسران تنخواہوں سے محروم ہیں اس پر عدالت نے کے ایم سی وکیل سید سلطان احمد سے استفار کیا کہ یہ ادائیگیاں کون کرے گا۔

 photo 1_zps6d6e2cb0.jpg

انھوں نے تسلیم کیا کہ یہ کے ایم سی کی ذمے داری ہے لیکن ڈی ایم سیز کے ایم سی کو واجبات ادا نہیں کررہی ہیں لہذا آئندہ سماعت پر 6 اضلاع کی ضلعی بلدیات کے ایڈمنسٹریٹرز کو طلب کرکے ان سے رپورٹ لی جائے،پنشنر کے نمائندے محمد اسمعیل شہیدی نے عدالت کو بتایا کہ مجھے پنشن مل گئی لیکن کئی پنشنرز کو پچھلے ماہ کی پنشن بھی نہیں ملی، اس پر عدالت میں موجود ڈائریکٹر ویلفیئر فنانس عبدالجبار بھٹی نے بتایا کہ 10 کروڑ روپے پنشن کے لیے بینکوں کو جاری کردیے ہیں اور آج بھی پنشنر پنشن لے رہے ہیں، ہمارے پاس 21ہزار پنشنرز رجسٹرڈ ہیں ہر ماہ ساڑھے 13کروڑ پنشن اداکی جاتی ہے لیکن ڈی ایم سیز ہمیں پنشن کی مد میں کٹوتیاں نہیں بھیج رہی ہے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندہ نے عدالت کو بتایا کہ اس ماہ تنخواہ جلد جاری کی جائیگی، عدالت نے آئندہ سماعت 26فروری تک ملتوی کردی۔