کورونا کی نئی قسم؛ پاکستان کی مختلف ممالک پر سفری پابندیاں

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 نومبر 2021
او میکرون وائرس جنوبی افریقا اوراطراف میں تیزی سے پھیل رہا ہے، ان ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردی گئی، این سی او سی۔(فوٹو: فائل)

او میکرون وائرس جنوبی افریقا اوراطراف میں تیزی سے پھیل رہا ہے، ان ممالک پر سفری پابندیاں عائد کردی گئی، این سی او سی۔(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: این سی او سی نے کورونا کے نئے ویئریئنٹ اومیکرون کے پیش نظر مختلف ممالک کو کیٹیگری سی میں ڈال دیا ہے، ان ممالک سے آنے والے افراد کو مختلف پابندیوں سے گزرنا ہو گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق این سی او سی نے کورونا کی نئی قسم او میکرون کے تناظر میں احتیاطی تدابیر اپنا تے ہوئے مختلف ممالک کو سی کیٹیگری میں ڈال دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا کی نئی قسم سے دنیا بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی

این سی او سی کا کہنا ہے کہ او میکرون کورونا جنوبی افریقا اور اس کے اطراف کے علاقوں میں تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کے پیش نظر جنوبی افریقا، ہانگ کانگ، نمبیا اور بوٹسوانہ کے سفر پر پابندی عائد کردی ہے۔ ان ممالک میں سفر کے لیے صر ف ہنگامی صورتحال میں ہی اجازت ہو گی۔

ان ممالک سے آنے والے افراد کو مختلف پابندیوں سے گزرنا ہو گا، ٹیسٹ منفی آنے کے باوجود ان افراد کو تین دن قرنطینہ میں گزارنا ہوں گے، تین دن گزرنے کے بعد ان افراد کا کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا۔  ٹیسٹ مثبت آنے پر مزید دس دن کا قرنطینہ کرنا ہو گا۔

این سی او سی نے سول ایوی ایشن، ائیر پورٹ انتظامیہ کو ہدایات جاری کردیں ہیں کہ وہ ان ممالک سے آنے والوں کے لیے اسکریننگ کا طریقہ کار بنائیں۔ ان ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کو بھی ہیلتھ پروٹوکولز سے گزرنا ہوگا، تاہم پاکستانی نژاد افراد 5 دسمبر تک پابندی سے مستثنی ہو ں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔