ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے الطاف حسین

یوم سوگ پر کاروبار اورٹرانسپورٹ بند رکھنے پر تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ تنظیموں کا شکرگزار ہوں، الطاف حسین


ویب ڈیسک February 08, 2014
محمد سلمان کے ماورائے عدالت قتل پر متعدد اعلیٰ حکام کو خود فون کئے مگر کسی نے جوابی فون کرنے کی زحمت بھی گوارا نہ کی، الطاف حسین ۔فوٹو: فائل

KARACHI: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داروں کو آئین و قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں۔

لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں الطا ف حسین نے کہا ہے کہ وہ انتہائی افسوس کے ساتھ عوام کے علم میں یہ بات لانا چاہتے ہیں کہ انہوں نے ایم کیوایم کے کارکن محمد سلمان کے ماورائے عدالت قتل کی تفصیلات بتانے کے لئے وزیراعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ سمیت متعدد اعلیٰ حکام کو بذات خود فون کئے مگر کسی نے انہیں جوابی فون کرنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی۔ انہوں نے کہاکہ جب قوم کو جوابدہ قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے حکام اور حکومتی عہدیدار اپنے فرض سے کوتاہی اورغفلت کا مظاہرہ کرتے رہے تو پھر پاکستان کااللہ ہی حافظ ہوگا۔

الطا ف حسین نے کہا کہ وہ ایم کیوایم کے کارکن سلمان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف پرامن یوم سوگ کے سلسلے میں کاروبار اورٹرانسپورٹ بند رکھنے پر تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ تنظیموں ، پیٹرول پمپس اور سی این جی ایسوسی ایشنز کا بھی دل کی گہرائی سے شکریہ اداکرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محمد سلمان سمیت ایم کیو ایم کے دیگر کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اور ذمہ داروں کو آئین قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں۔