حکومت کا ای وی ایم سے انتخابات نہ کروانے پر الیکشن کمیشن کے فنڈزروکنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 30 نومبر 2021
قانون صرف الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہونے والے انتخابات کو تسلیم کرتا ہے، فواد چوہدری۔(فوٹو: فائل)

قانون صرف الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہونے والے انتخابات کو تسلیم کرتا ہے، فواد چوہدری۔(فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات نہ کروانے کی صورت میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات نہ کروانے کی صورت میں الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ حکومت صرف اسی صورت الیکشن کے لیے فنڈز جاری کرے گی جب انتخابات ای وی ایم پر ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیے: الیکشن کمیشن نے ای وی ایم مشینز کی خریداری پر حکومتی دباؤ مسترد کردیا

فواد چوہدری نے رانا شمیم کو ن لیگ کا نائب صدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج انہوں نے ہائی کورٹ میں کہا ہے کہ یہ میرا حلف نامہ ہی نہیں، یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک شخص کا حلف نامہ اخبار میں چھپ جائے اور اس کو معلوم ہی نہ ہو؟ لگ رہا ہے کہ نواز شریف کے کہنے پر اخبار میں وہ حلف نامہ چھپا۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بتایا کہ سندھ حکومت کراچی اور حیدرآباد میں قیمتوں پر قابو نہیں کر پارہی، جس کے اثرات پورے ملک پر پڑ رہے ہیں، حیدرآباد میں آٹا سب سے مہنگا ہے جب کہ کراچی میں چینی سب سے مہنگی ہے وزیر اعلی سندھ قیمتوں کو کنٹرول کریں۔

وزیراطلاعات نے بتایا کہ کابینہ نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ عوام کو کورونا کی ویکسین لگوائیں، کیوں کہ کورونا کی پانچویں لہر پاکستان میں آکر رہے گی اور ہم اسے شکست دیں گے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کابینہ نے امین اسلم کو لاہور میں اسموگ کے تدارک کے لیے طویل المدتی پالیسی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔