پی ایس ایل 7 میں کراچی کنگز کی کپتانی بابراعظم کے سپرد

ویب ڈیسک  منگل 30 نومبر 2021
کوشش ہوگی کہ بطور کپتان 100 فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کروں ، بابراعظم

کوشش ہوگی کہ بطور کپتان 100 فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کروں ، بابراعظم

 کراچی: کراچی کنگز نے پی ایس ایل 7 کے لیے بابراعظم کو کپتان بنادیا ہے۔ 

کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن سے پہلے مداحوں کے لیے بڑی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اب پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں کراچی کنگز کی بھی نمائندگی کریں گے۔

بابراعظم نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ کراچی کنگز میرے لیے فیملی کی طرح ہے، پچھلے 5 سال سے وہیں سے کھیل رہا ہوں اور اس بار سلمان اقبال نے مجھ پر بھروسہ کرتے ہوئے ٹیم کی قیادت میرے حوالے کردی ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا پی ایس ایل 7 میں میری کوشش ہوگی کہ بطور کپتان 100 فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کروں اور مجھ پر جب بھی ذمہ داری آتی ہے تو میں اس کو انجوائے کرتا ہوں اور بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

بابراعظم نے کہا کہ جس طرح عماد وسیم نے ٹیم کو لیڈ کیا اور اس کی قیادت میں ہم نے ایک ٹائٹل بھی جیتا ، کوشش کریں گے اسی طرح فتوحات کے سلسلے کو آگے بڑھاتے رہیں اور پرامید ہیں کہ اس سال بھی اچھا کھیل پیش کریں گے جب کہ کراچی کنگز کی خاص بات اس کے سپورٹر ہیں جو ہر حال میں اپنی ٹیم کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم کے سپورٹر نہ صرف گراؤنڈ کے اندر بلکہ گراؤنڈ کے باہر اور سوشل میڈیا پر بھی اپنی ٹیم کو بھرپور سپورٹ فراہم کرتے ہیں جس سے ہمارے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے جب کہ ہماری بھی بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ اپنے سپورٹر کو بھرپور تفریح فراہم کریں اور اس سال بھی یہی کوشش ہوگی کہ انہیں خوشیاں دیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔