فاروق ستار کی ن لیگی رہنماؤں سے ملاقات

ویب ڈیسک  جمعـء 3 دسمبر 2021
شہباز شریف کی جانب سے ایم کیو ایم کو حکومت سے دور ہونے کی درخواست کی گئی، ذرائع۔ فوٹو:اسکرین شارٹ

شہباز شریف کی جانب سے ایم کیو ایم کو حکومت سے دور ہونے کی درخواست کی گئی، ذرائع۔ فوٹو:اسکرین شارٹ

لاہور: ایم کیوایم پاکستان کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے شہبازشریف سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف حکومت کے خلاف متحرک ہو گئے ہیں، اور اس حوالے سے اپوزیشن کے مختلف رہنماؤں کے ساتھ رابطے میں ہیں، تاہم اب وہ حکومتی اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کے لئے کوشاں ہیں۔

ایم کیوایم پاکستان کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے شہبازشریف سے ان کے گھر میں ملاقات کی، ملاقات میں احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق بھی موجود تھے، دونوں رہنماؤں کے مابین ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال اور اہم سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات اپوزیشن رابطوں کے پیش نظر ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں الیکشن ریفارمز، مہنگائی کی ابتر صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا، اور حکومت مخالف لانگ مارچ پر بھی بات چیت کی گئی، جب کہ شہباز شریف کی جانب سے ایم کیو ایم کو حکومت سے دور ہونے کی درخواست بھی کی گئی۔

ملاقات کے بعد لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات بہت زیادہ مخدوش ہیں، شہر میں احساس محرومی انتہا کو پہنچ چکی ہے، دودھ کی رکھوالی پر بلی کو بٹھا دیا گیا ہے، کراچی میں بلدیاتی نظام کے تصور کو پامال کر دیا گیا ہے۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی نا اہلی سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے، ملک کی موجودہ صورتحال بیان سے باہر ہے، پاکستان کے عوام مایوس ہو چکے ہیں اور سیاسی جماعتوں کی کارکردگی سے تنگ نظر آرہے ہیں، سیاسی استحکام کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، ہم نے عوام کی مایوسی کو امید میں بدلنا ہے۔

لیگی رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ملک بچانے کے لیے پی ڈی ایم اپنا کردار ادا کررہی ہے،  ملک کی معاشی خود مختاری کو آئی ایم ایف کے سامنے سرنڈر کردیا گیا ہے، اس حکومت میں 5 سے زائد وزرائے خزانہ تبدیل کیے جا چکے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔